ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس ممبران کیلئے بڑی خوشخبری، فزیوتھراپی اور نیوٹریشن کلینکس شروع کرنے کا فیصلہ


فیصل آباد(94 نیوز رپورٹر) ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں ممبرز کو فزیوتھراپی اور نیوٹریشن کلینکس کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی جبکہ انڈور گیمز اور تفریحی سرگرمیوں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اصلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اس امر کا انکشاف ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی امور کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر فنانس یاسر اعجاز چٹھہ نے سپورٹس کمپلیکس کے مالی معاملات اور ترقیاتی امور کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ مینجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال نے کھیلوں و تفریحی سرگرمیوں کے انتظامات اور مجوزہ نئے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں و تفریح طبع کی جدید سہولیات سے آراستہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کو شہر کا ایک قابل فخر اور باوقار ادارہ بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی جس کے لئے مزید ترقیاتی اقدامات اور انتظامی کاوشیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فزیوتھراپی اور نیوٹریشن کلینکس کے قیام کے لئے فوری طور پر محکمانہ اقدامات شروع کر دیئے جائیں جبکہ خواتین ممبرز کی دلچسپی کے بیوٹی سیلون کے قیام کی بھی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ ڈائریکٹر جنرل نے تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے لئے سمر کیمپ اور ممبرز کے مابین کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے بہترین انتظامات کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ایسی سرگرمیوں کو سپورٹس کمپلیکس کا باقاعدہ مستقل حصہ بنا لیا جائے۔انہوں نے تمام تر انتظامی معاملات کو ترتیب میں رکھنے سمیت مکمل سیکورٹی سسٹم اور صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی تاکید کی۔ انہوں نے گاڑیوں کے لئے پارکنگ ایریا میں نظم و ضبط اور گاڑیوں کے داخلے کے لئے سٹکر اور کارڈ سویپ سسٹم کے اجراء کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران سپورٹس کمپلیکس میں ممبرز کے لئے قائمہ ہدایات اور لائحہ عمل کی مختلف شقوں کی منظوری دی گئی اور ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ بہترین اور خوشگوار ماحول قائم دائم رکھنے کے لئے ممبرز کو ضابطہ اخلاق اور قائمہ ہدایات کا پابند رکھا جائے۔



