تقریبات/سیمینارز

عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی کھالوں کے تحفظ سے متعلق ڈویژن بھر میں آگاہی سیمینارز کا انعقاد

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) عید الاضحٰی کے موقع پر جانوروں کی کھالوں کے مؤثر تحفظ، بروقت نگہداشت اور ضیاع سے بچاؤ کے لیے محکمہ لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن کی جانب سے ایک اہم آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر سید ندیم بدر نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈاکٹر محمد قیصر خلیق بھی موجود تھے۔
سیمینار میں قصاب برادری کو جانوروں کی کھالوں کی حفاظت، مناسب نمک کاری، اور محفوظ ذخیرہ کرنے کے جدید طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ کھال ایک قیمتی قومی اثاثہ ہے، جس کا درست طریقے سے سنبھالنا نہایت ضروری ہے تاکہ ملکی معیشت میں بہتری لائی جا سکے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے مزید یہ بھی بتایا کہ عید الاضحی کے پیش نظر فیصل آباد ڈویژن بھر میں متعدد آگاہی سیمینارز اور میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور آگاہی بروشرز بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں جن کا مقصد قصاب حضرات اور متعلقہ افراد کو کھالوں کے تحفظ سے متعلق جدید تربیت فراہم کرنا ہے۔
محکمہ لائیوسٹاک کی یہ کاوش نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ قربانی کے عمل کو زیادہ منظم، بامقصد اور مفید بنانے کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ دوسری جانب ڈویژن بھر میں ڈائریکٹر لائیو سٹاک فیصل آباد ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے افسران کی جانب سے مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس اور چیک پوسٹوں پر تعینات ویٹرنری عملے کی جانب سے عوام الناس کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے انسپیکشنز کا عمل بھی جاری ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button