ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں اور محرم الحرام میں سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا، انٹراسٹی ماحول دوست بس سروس کے روٹس پر بریفنگ


فیصل آباد (94 نیوز) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی/ رکن قومی اسمبلی چوہدری شہباز بابر کی صدارت میں ڈی سی آفس میں منعقد ہو ا۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ، سی پی او کامران عادل کے علاوہ کمیٹی کے ارکان جعفر علی ہوچہ،ظفر اقبال ناگرہ،عارف محمودگل،خان بہادر ڈوگراورسنیٹر طلال چوہدری نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے عبدالقادر شاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نعمان افضل اعوان،احمد سلیم چشتی،ڈاکٹر شہاب اسلم،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو،ایف ڈی اے،ہیلتھ،ایجوکیشن،ضلع کونسل،لوکل گورنمنٹ،فیسکو، واسا، بلڈنگز، ہائی ویز، انہاراور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ سی پی او نے ضلع میں عشرہ محرم الحرام انتظامات پر بریفنگ دی اور بتایاکہ عشرہ محرم کے پرامن انعقاد کے لئے ضلعی پولیس اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چائینز کی سکیورٹی پر زیروٹالرنس پالیسی اورضلع میں امن وامان کا قیام ترجیح ہے۔ اجلاس کے دوران کنوینر سمیت ارکان اسمبلی نے کامیاب عید الاضحی صفائی پلان پر ڈپٹی کمشنر اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہااور کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ضلع فیصل آباد میں صفائی اپریشن کی تعریف کی تھی۔ کمیٹی کے ممبران ارکان اسمبلی نے محرم انتظامات کے حوالے سے تحصیل سطح پر بھی میٹنگز منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں انٹراسٹی ماحول دوست بس سروس کے روٹس پر بریفنگ دی گئی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ شہر کے ساتھ ساتھ تحصیلوں کو سروس فراہم کی جائے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر بائی پاس کے اندرحدود میں 100 ماحول دوست بسیں چلانے کے لئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی پلاننگ کررہی ہے۔ ارکان اسمبلی نے زور دیا کہ مزدوروں سمیت طالب علموں کو سفری سہولیات ملنی چاہیں جبکہ انڈسٹریل اسٹیٹ تک بس سروس ہونی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے فورم سے انٹرسٹی بس سروس کے لئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی سے ٹیک اپ کیا جائے گاتاہم فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ کمپنی کی تحریک پر مقامی ٹرانسپورٹرز انٹر سٹی سروس شروع کرنے کے لئے رضامند ہیں جن کے ساتھ معاہدہ طے کرنا ہے۔اجلاس میں فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آؤٹ سورس پلان پر بریفنگ دی اور بتایا کہ آؤٹ سورس کے تحت اب صفائی اپریشن کا دائرہ ڈویژن تک بڑھایا جائے گا۔اس ضمن میں تحصیل گوجرہ کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر رکھا گیا ہے۔ارکان اسمبلی نے پری کوالیفیکیشن کا طریقہ کار آئندہ میٹنگ میں پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے ستھراپنجاب پروگرام میں یونین کونسل سطح پر قائم مینجمنٹ کمیٹی میں ارکان اسمبلی کے نامزد کردہ ارکان کو شامل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صفائی اپریشن میں ارکان اسمبلی کی تجاویز کو مقدم رکھا جائے۔ارکان اسمبلی نے واسا کے ورک چارج ملازمین سمیت بجٹ کی تفصیلات آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ شعبہ ہیلتھ کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہونے چاہیں۔ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی سو فیصد دستیابی اور طبی مشینری مکمل فعال رکھیں اور مریضوں کو انتظار کی زحمت سے بچائیں۔اجلاس میں صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 93 جاری اور 37 نئی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اورشدید عوامی ضرورت طلب سکیموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔اجلاس میں ایف ڈی اے کی ہاؤسنگ کالونیز کے امور،بجلی کی سپلائی کے حوالے سے مسائل،نہری پانی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن پر زوردیا گیا۔کنوینر کمیٹی نے کہا کہ یوم عاشور سے قبل دوبارہ میٹنگ منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی فلاح وبہبود اور علاقائی تعمیرو ترقی کے امور میں مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے لئے کم ازکم دومیگاپراجیکٹس کی ضرورت ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لئے ورکنگ کی جائے جبکہ فیصل آباد میں ایک اور ٹیچنگ ہسپتال کی ضرورت ہے۔ٹیچنگ ہسپتال سمندری روڈ(رنگ روڈ)کے قریب ناگزیرہے تاکہ سمندری، تا ند لیا نو ا لہ،گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آنے والے مریضوں کو نزدیک ترین علاج معالجہ کی جدید طبی سہولیات دستیاب ہوں اور مریضوں کو الائیڈ ہسپتال ون نہ جانا پڑے اور الائیڈ ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ بھی کم ہو۔ڈپٹی کمشنر نے ارکان اسمبلی کے نشاندہی کردہ مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل کے فوری ازالہ کے لئے افسران کو ہدایات جاری کیں۔



