ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید کی جانب سے پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل واسا پنجاب طیب فرید کی جانب سے پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد ثاقب رضا سمیت صوبہ بھر کے واسا کے مینجنگ ڈائریکٹرز و دیگر افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور بعض واساز کو ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا نے فیصل آباد میں پنجاب ڈویلپمنٹ پیکج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جسے سراہا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 12۔ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکج پر ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے، ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں جبکہ ٹیکنیکل بڈز جمع کرا دی گئی ہے اور جنوری کے آخری ہفتے میں ان ترقیاتی سکیموں پر تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے فیصل آباد کے شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا کرنے کے لئے میگا ڈویلپمنٹ پیکج کی منظوری دی اور اس پیکج کے تحت مکمل ہونے والی ترقیاتی سکیمیں شہریوں کے لئے گیم چینجر ثابت ہونگی۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ ان ترقیاتی سکیموں کی تکمیل سے شہریوں کے سیوریج مسائل جامع اور موثر طریقے سے حل ہونگے۔



