الائیڈ ہسپتال ون میں پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کے رضاکاروں کے لئے بیسک لائف سیونگ ٹریننگ کا انعقاد


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے عوامی تحفظ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے کے لئے مختلف تربیتی اور عملی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق الائیڈ ہسپتال ون میں پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کے رضاکاروں کے لئے بیسک لائف سیونگ (BLS) ٹریننگ کا انعقاد کیا گیاجس میں رضاکاروں کو ہنگامی حالات میں انسانی جانیں بچانے سے متعلق بنیادی مہارتوں کی عملی تربیت دی گئی۔اسی سلسلے میں گورنمنٹ کمپری ہنسیو ہائر سیکنڈری سکول سمن آباد، گورنمنٹ ہائی سکول سمن آباد اور گورنمنٹ دھکن گرلز ہائی سکول سمن آباد فیصل آباد میں ریسکیو1122 کے تعاون سے بیسک جنرل، فرسٹ ایڈ، فائر فائٹنگ ٹریننگ اور فائر ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی سیشنز میں سکولوں کے سٹاف اور طلبہ و طالبات نے ابتدائی طبی امدا د، حملے کی صورت میں تحفظ، فوری انخلاء اور ہنگامی ردعمل سے متعلق اہم موضوعات پر عملی تربیت حاصل کی۔تربیت کے اختتام پر زخمیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کرنے، سی پی آر کرنے اور آلات آتش کشی کی مدد سے آگ بجھانے کے عملی مظاہرے بھی پیش کئے گئے۔ مزید برآں پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور میں بطور رضاکار رجسٹریشن کے حوالے سے آگاہی دی گئی اور شرکاء کو سول ڈیفنس کی اہمیت سے روشناس کراتے ہوئے رضاکارانہ خدمات میں شمولیت کی دعوت دی گئی۔



