تقریبات/سیمینارز

ویمن یونیورسٹی میں عالمی یوم خواتین کی تقریب، کمشنر بھی یونیورسٹی پہنچ گئیں

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد سلوت سعیدخواتین کے عالمی دن پر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن میں منعقدہ تقریب میں پہنچ گئیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما سمیت پروفیسرز،لیکچرارزاور طالبات نے ان کا استقبال کیا۔

طالبات نے مختلف موضوعات اور زمانہ حاضر کے مطابق ٹیبلوز پیش کئے۔ اس موقع پر کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواتین خود مختاری و اعتماد کے ساتھ ہر شعبہ میں آگے بڑھ رہی ہیں جو ملک کی تیز رفتار سماجی و معاشی ترقی کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ قومی ترقی میں اعتماد کے ساتھ بھر پورکردار ادا کرنے اور تحفظ کے ساتھ بہتر زندگی گزارنے کے موقع حاصل ہورہے ہیں تاہم مزید بہتر نتائج کے حصول کیلئے معاشرتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ کمشنر نے کہا کہ دین اسلام نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور خاتون اہم عہدہ پر فائز ہوکر عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔ پاکستانی خواتین تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔ایک عورت کا تعلیم یافتہ ہونا پورے خاندان کا تعلیم یافتہ ہونے کے مترادف ہے لہذا طالبات تعلیم حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھیں۔

ڈویژنل انتظامیہ خواتین کو آگے بڑھنے اور ان کی فلاح وبہبود کے لئے انقلابی اقدامات کررہی ہے اس ضمن میں ڈے کیئر سنٹرز کا قیام اہم پیشرفت ہے جبکہ سرکاری محکموں واداروں میں خواتین کو خوشگوار ماحول کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ خواتین کے لئے الگ سے واش رومز قائم کرائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کا عالمی دن منانے کا مقصد خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے اقدامات کو موثر بنانا ہے۔ تقریب میں طالبات نے معاشرہ کی ترقی میں خواتین کے کردارکے عنوان پر تقاریر کیں۔ تقریب سے وائس چانسلر ودیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر کمشنر کی قیادت میں آگاہی واک بھی منعقد ہوئی۔ کمشنر نے خواتین کے عالمی دن پر انٹرلوپ میں منعقدہ تقریب میں شرکت اورانٹرلوپ میں ملازمت پیشہ خواتین سے ملاقات کی۔ انہوں نے خواتین میں دن کی مناسبت سے تحائف تقسیم کئے اور کہا کہ ڈویژنل انتظامیہ عورتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے متعدد اقدامات پر عمل پیرا ہے۔خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ملکی آبادی کی نصف سے زائد خواتین کا ملکی ترقی میں جاندار کردار ہے۔ملازمت پیشہ خواتین اپنے ہنر کو بروئے کار لاکر خاندان کی کفالت کررہی ہیں۔ڈویژنل انتظامیہ ملازمت پیشہ خواتین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔خواتین کے عالمی دن پر انٹرلوپ کی طرف سے ملازمت پیشہ خواتین کے لئے تقریب کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button