واسا نے ڈیفالٹرز کے خلاف ریکوری مہم تیز کردی، کنکشن منقطع کردئیے گئے


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر)مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس نے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف مہم مزید تیز کردی جس کے تحت نومبر میں نادہندہ صارفین سے مجموعی طور پر87 لاکھ 74 ہزار روپے سے زائد کی ریکوری اور نادہندگان کے 187 سیوریج و واٹر سپلائی کنکشن منقطع کئے گئے۔ ایم ڈی واسا نے ریونیو ڈائریکٹوریٹس کو واسا کے ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایات جاری کر رکھی تھیں جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ریونیو ڈائریکٹرز محمد اقبال ملک اور شہریار حسن کی زیر نگرانی ریونیو افسران و سٹاف نے یکم نومبر سے30 نومبر تک ڈیڈ ڈیفالٹر صارفین کے خلاف ٹھوس اور موثر کارروائیاں کیں اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے مجموعی طور پر87 لاکھ74 ہزار سے زائد کی ریونیو ریکوری کی جس میں ریونیو ڈائریکٹوریٹ ایسٹ نے 49 لاکھ 82 ہزار روپے جبکہ ریونیو ڈائریکٹوریٹ ویسٹ نے37 لاکھ 92 ہزار روپے سے زائد کی ریونیو ریکوری کی اسی طرح مجموعی طور پر187 ڈیفالٹرز کے کنکشن کاٹے گئے جن میں ویسٹ زون میں 101 جبکہ ایسٹ زون میں 86 نادہندگان کے کنکشن منقطع کئے گئے۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ نادہندگان کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے اور ان کے کنکشن کاٹنے کی مہم میں مزید تیزی لائی جارہی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں مزید کہا کہ صارفین اپنے ذمہ واجبات اور ماہانہ بلز کی ادائیگی بروقت ممکن بنائیں تاکہ واسا کی سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ تمام سب ڈویژنز کو صارفین کے بلز کی اقساط کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔



