تقریبات/سیمینارز

میونسپل کارپوریشن ہال میں یوم یکجہتی کشمیر سیمینار، سیاسی، سماجی،مذہبی،دیگر تنظیموں کی طرف سے یکجہتی کشمیر ریلیز

فیصل آباد(94 نیوز) ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کے اعادہ کے ساتھ منایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ دن کا آغاز مساجد میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے حریت پسندوں کی فتح و نصرت کی دعاؤں اور کشمیری شہداء کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی سے ہوا۔ ڈویژنل انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف پروگرامز ترتیب دیئے گئے۔تعلیمی اداروں میں آزادی کشمیر کے موضوع پر تقریری مقابلے اور سیمینارز منعقد ہوئے۔ شاہراؤں، چوکوں اور دیگر اہم عوامی مقامات پر کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر کی آزادی ہر پاکستانی کے دل کی آواز،پرامن کشمیر،پرامن دنیا کی تصویر،آزادی کشمیر عنقریب، جدوجہد آزادی کشمیر زندہ باد،مسئلہ کشمیر اقوام عالم کی توجہ کا طالب اور دیگر نعرے درج تھے۔مختلف سیاسی، سماجی،مذہبی،کاروباری اور دیگر تنظیموں کی طرف سے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے مختلف تقریبات،ریلیز، سیمینارزاور دیگر پروگرامز منعقد ہوئے۔اس موقع پر شرکاء نے عالمی طاقتوں سے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کا بازار ختم کراکر انہیں آزادی کی نعمت سے سرفراز کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے عالمی رائے عامہ کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے لئے اثر و رسوخ اور کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے جسے بھارتی غاصبوں سے آزاد کراکر دم لیں گے۔

ادھر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام میونسپل کارپوریشن ہال میں یوم یکجہتی کشمیر سیمینارمنعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔قائمقام سی پی او عبدالوہاب،رکن صوبائی اسمبلی قدسیہ بتول،مسلم لیگی رہنما حاجی محمد اکرم انصاری، مہر حامد رشید،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر شہاب اسلم،سی ٹی او فرحان اسلم،سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی روف احمد،سی او ایجوکیشن وقار احمد،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم کے ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران،طالب علم،اساتذہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔سیمینار کے دوران طالب علموں نے کشمیریوں کے حق میں پراثر تقریر جبکہ کالجز کے طالب علموں نے ملی نغمے پیش کئے۔میونسپل کارپوریشن میں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے جھنڈے لہرائے گئے اور بڑی ریلی نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء نے کشمیری مسلمانوں سے یکجہتی کے لئے بڑے بڑے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس موقع پر شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر کی آزادی ناگزیر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ڈپٹی کمشنر نے ریلی کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی،سفارتی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کے بدترین مظالم بند کرانے کیلئے اپناموثر کردار ادا کرنا چاہیے۔شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے منفی ہتھکنڈوں سے بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ہم سب پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیریوں میں آزادی کی تڑپ مزید بڑھی ہے اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔اس موقع پر کشمیر کی آزادی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button