قومی

میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی سینیارٹی لسٹ میں من پسند افراد کو نوازنا ناقابل قبول ہے، میاں انور حسین

شکایت کی درخواست کو بھی ریکارڈ سے غائب کر دیا گیا جو قوانین کی خلاف ورزی ہے، نئی سنیارٹی لسٹ میں بغیر کسی وضاحت کے افسران کے ریمارکس بھی حذف کر دیے گئے۔

فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی فنانس برانچ اور آڈٹ برانچ کی حقائق پر مبنی رپورٹ کو نظر انداز کر کے سینیارٹی لسٹ میں من پسند ردوبدل ناقابل قبول ، میرٹ کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف قرار دیدیا گیا۔ پاسبان یونین رجسٹرڈ کے سینئر عہدیداران میاں انور حسین صدر، سید طاہر منظور شاہ سینئر نائب صدر، رانا سعید احمد چیئرمین و دیگر کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کو دی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد نے سینیارٹی لسٹ کے اجرا کے معاملے پر سنگین بے ضابطگیاں کی ہیں۔ فنانس برانچ اور آڈٹ برانچ کی حقائق پر مبنی رپورٹ کو دانستہ طور پر نظر انداز کرتے ہوئے سینیارٹی لسٹ میں من پسند اہلکاران کو نوازنے کی کوشش کی گئی ہے، اس سے قبل دی گئی درخواست کو بھی ریکارڈ سے غائب کر دیا گیا ہے جو قوانین، قواعد و ضوابط اور شفافیت کی صریحاً خلاف ورزی ہے، نئی سنیارٹی لسٹ میں بغیر کسی وضاحت کے افسران کے ریمارکس بھی حذف کر دیے گئے۔

یونین کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ عمل نا صرف بددیانتی پر مبنی ہے بلکہ دیگر اہل اور سینئر ملازمین کے حقوق غصب کرنے کے مترادف ہے۔ اس مبینہ غیرقانونی اقدام سے ادارے کے اندر عدم اعتماد کی فضا پیدا ہو چکی ہے، یونین عہدیداران نے مطالبہ کیا ہے کہ سینیارٹی لسٹ کو فنانس برانچ اور آڈٹ برانچ کی اصل اور مصدقہ رپورٹ کے مطابق دوبارہ جاری کیا جائے، حذف شدہ ریمارکس کی وجوہات کو تحریری طور پر واضح کیا جائے، بدنیتی پر مبنی ردوبدل میں ملوث عناصر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے، سنیارٹی لسٹ سے متاثرہ ملازمین کو ان کا اصل حق اور جائز مقام دیا جائے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button