قومی

منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں، اکرم انصاری

خواتین کو منشیات کے تدارک کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے،

فیصل آباد(94 نیوز) نوجوان نسل تباہ کرنے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں، انسداد منشیات ہر شخص کی بنیادی ذمہ داری ہے، یہ بات حاجی محمد اکرم انصاری سابق وفاقی وزیر نے نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول، سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد میں منشیات کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ انسداد منشیات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس کی صدارت سرپرست ادارہ اور ممتاز فلاح کار حاجی بلال نور انصاری نے کی۔ حاجی محمد اکرم انصاری نے کہا کہ وہ ادارے اور فلاحی تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں جو نوجوان نسل کو منشیات کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے اپنا جرات مندانہ کردار ادا کر رہے ہیں، منشیات کے استعمال سے ایک فرد ہی نہیں بلکہ اس کا گھرانہ بھی تباہ ہوتا ہے،آج منشیات کے عادی افراد معاشرے میں ہر قسم کی سماجی، معاشی اور فلاحی سرگرمیوں سے دور ہو چکے ہیں۔ وہ اپنے گھر اور خاندان سے الگ تلگ زندگی گزار رہے ہیں،بلکہ ایسے افراد نہ صرف اپنے گھر پر بوجھ بلکہ معاشرے میں بھی حقارت کی نظر سے دیکھے جا رہے ہیں، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو منشیات کے تدارک کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، منشیات خواہ معمولی قسم کی ہو اگر گھریلو خواتین آج سے عہد کر لیں کہ ہم نے اپنے بچوں کو ہر قسم کے نشے سے دور کرنا ہے تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں،سرپرست حاجی بلال نور انصاری نے کہا کہ1982سے قبل کوئی بھی منشیات کے نام سے پاکستان میں واقف نہیں تھا، مگر غیر ملکی اغیار کی مداخلت سے منشیات کی لعنت بھی پاکستان میں وارد ہوئی، جس نے لاکھوں نوجوانوں کی زندگی تباہ کر کے رکھ دی ہے، منشیات فروش اپنے دنیاوی چند روزہ منافع کے لئے جو کھیل کھیل رہے ہیں وہ قومی مجرم ہیں ان کے ساتھ حکومت سخت سے سخت اقدامات بروئے کار لائے، تاکہ نوجوان نسل منشیات کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہ سکیں،افسوس اس بات کا کہ آج خواتین بھی منشیات کی عادی ہو رہی ہیں، اس کے تدارک کے لیے بھی ہمیں کردار ادا کرنا ہو گا۔نظریہ پاکستان فورم کے صدر میاں عبد الوحید نے کہا کہ نظریہ پاکستان کے پلیٹ فارم سے ایک تواتر کے ساتھ منشیات کے خلاف سکولز اور کالجز میں تقریبات کا اہتمام جاری ہے، جس کے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں، انشاء اللہ نظریہ پاکستان نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت اسلامی اصولوں کی روشنی میں کریں، نماز روزہ کا پابند بنائیں، انہیں نماز مغرب کے بعد گھر سے باہر نہ جانے دیں،صالح صحبت ہی بچے کی ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، والدین جس قدر اپنے بچوں کے ساتھ دوستانہ ماحول اپنائیں گے ان کے بچے اسے قدر برائیوں سے محفوظ رہیں گے۔ تقریب سے حاجی صغیر احمد،مسز یاسمین حمید،حافظہ صبا امین نے بھی خطاب کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button