9 مئی کیس، پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11ملزمان کو سزا سنادی گئی


اسلام آباد (94 نیوز) انسداددہشتگردی عدالت نے 9 مئی کیس میں پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف اور سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11ملزمان کو سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف 9 مئی کو تھانہ رمنا پر حملے کے کیس کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے عبداللطیف، سابق ایم پی اے وزیر زادہ کیلاشی سمیت 11 ملزمان کو مجموعی طور پر 15 سال 4 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالتی فیصلے کے بعد پولیس نے عدالت میں موجود 4 ملزمان محمداکرم، میراخان، شاہ زیب اور سہیل خان کو تحویل میں لے لیا جبکہ عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان نے تھانہ رمنا پر حملہ کیا، فائرنگ اور پتھراؤ کیا، پولیس والوں کو مارنے کی کوشش کی جبکہ ملزمان نے اپنے مقاصد کے لئے موٹر سائیکلوں کو آگ لگائی، ملزمان کے خلاف 24 گواہان نے اپنی شہادتیں قلمبند کرائیں اور ملزمان کی مجسٹریٹ صاحبان کے سامنے شناخت پریڈ کی گئی۔
جج طاہر عباس نے کہا کہ پولیس پر قاتلانہ حملے پر ملزمان کو 5سال قید، 50 ہزار جرمانہ اور موٹرسائیکل جلانے پر 4سال قید 40 ہزار روپے جرمانہ، پولیس کے کام میں مداخلت پر 3 ماہ قید، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک ماہ جبکہ مجمع بنا کر جرم کرنے پر 2 سال قیدکی سزا سنائی جاتی ہے۔
جج نے فیصلے میں کہا کہ دہشتگردی کی دفعات پر 10سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی جاتی ہے۔جج طاہر عباس نے مزید کہا کہ اسلام آبادکے تھانوں پرحملہ ہوتا ہے تو ملک میں کوئی جگہ رہنے کے قابل نہیں رہے گی۔



