فیصل آباد پریس کلب کے وفات پا جانے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد، سابق وفاقی وزیر کی خصوصی شرکت

رضوان ہندل، محمد نعیم، آصف قادری، غلام غوث، غلام سرور اور ارشاد علی صابری کی پیشہ ورانہ صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شاہد علی گروپ لیڈر، عبدالرحمٰن صدر، میاں کاشف فرید سیکرٹری پریس کلب

فیصل آباد (94 نیوز) فیصل آباد پریس کلب میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس میں وفات پانے والے کونسل ممبران رضوان ہندل، محمد نعیم، آصف قادری، غلام غوث، غلام سرور اور ارشاد علی صابری کی پیشہ ورانہ صحافتی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اکرم انصاری، گروپ لیڈر شاہد علی، صدر پریس کلب عبدالرحمان گجر، سیکرٹری میاں کاشف فرید، صدرایف یو جے ورکر جی اے تنویر،سا بق صدر مقبول احمد لودھی،چیئر مین الیکشن کمیٹی میاں بشیر احمد اعجاز ، صدر پریس مارکیٹ شیخ اعجاز، فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق، سینئر نائب صدر شوکت علی وٹو، مرحومین کے ورثاء اور ساتھیوں نے اظہار خیال کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گروپ لیڈر شاہد علی نے کہا کہ میڈیا انڈسٹری میں جو ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اس سے ہر صحافی ذہنی دبا ئوکا شکار ہے اور بے روزگاری کے خطرے کی وجہ سے مختلف ذہنی و جسمانی امراض میں مبتلا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کرتے ہیں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ فیصل آباد کی میڈیا انڈسٹری کا بھی تعزیتی ریفرنس ہے ۔اکرم انصاری نے کہا کہ مرحوم صحافیوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور یہ ہمارے معاشرے کا سرمایہ تھے۔ جی اے تنویر نے کہا کہ ان صحافیوں نے اپنے قلم سے ظلم اور ناانصافی کے خلاف جو علم بلند کیا، وہ آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ صدر پریس کلب عبدالرحمان گجر نے کہا کہ ہم اپنے ان عظیم ساتھیوں کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ نقابت کے فرائض سیکرٹری پریس کلب میاں کاشف فرید نے ادا کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے مرحوم ساتھیوں کی خدمات فیصل آبا د کی صحا فت کا سنہری باب ہیں ان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔سابق صدر مقبول احمد لودھی نے کہا ہے کہ شاہد علی گر وپ کی جانب سے یہ ایک اچھی روایت کا آغازہوا ہے کہ اس پر یہ خراج تحسین کے مستحق ہیں ، صدر پریس مارکیٹ شیخ اعجاز نے کہا کہ یہ صحافی معاشرتی برائیوں کے خلاف جہاد کرتے ہوئے ہمیشہ عوام کی آواز بنے رہے۔ فنانس سیکرٹری رانا محسن فاروق نے کہا کہ ہم اپنے ان عظیم ساتھیوں کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سینئر نائب صدر شوکت علی وٹو نے کہا کہ یہ صحافی ہمارے معاشرتی انصاف اور حق کے علمبردار تھے۔تقریب کے اختتام پر مرحوم صحافیوں کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔تعزیتی ریفرنس میں نائب صدور محمد کاشف ،میاں منور اقبال ،انفارمیشن سیکرٹریافشاں بتول ،ایگز یکٹو ممبران شاہد محمود ،قمر عباس قمر، رانا حناء جمیل ندیم جاودانی ،علی رضا ملک ،محمد اعظم نیازی ،آصف سخی ،جاوید مہیس ،اور علی ضامن ایڈووکیٹ کے علاوہ ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔



