انڈسٹریز کی شہر سے باہر منتقلی وقت کی شدید ضرورت ہے، کمشنر راجہ جہانگیر انور


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صنعتکاروں وتاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی ڈویژنل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز کی شہر سے باہر منتقلی اگرچہ وقت کی شدید ضرورت ہے تاہم صنعتکاروں کی مشاورت کو بھی مقدم رکھا جائے گااور حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کو مراعات کی فراہمی کے لئے بھی تحریر کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اپٹٹما ہاؤس کا دورہ کرکے پروسیسنگ یونٹس سے وابستہ صنعتکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔چیئرمین اپٹپما باؤ ملک محمد اکرم،حافظ اصغر،چوہدری حمید،میاں آفتاب،محمد امجد ودیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر نے ملک پور فیکٹری حادثہ میں وفات پانے والوں کے لواحقین میں صنعتکاروں کی طرف سے جمع کی گئی امدادی رقوم تقسیم کی اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ کی تحریک پر ملک پور واقعہ میں متاثر ہونے والے گھروں کی تعمیرمیں حصہ ڈالنے والے صنعتکاروں کے فلاحی اقدام کا ذکر بھی کیا۔ کمشنر نے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے ازالہ کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صنعتکار کاروباری سرگرمیاں تجویز کریں،انتظامیہ اراضی فراہم کرے گی۔ انہوں نے شہر کی تعمیر وترقی کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ صنعتکاروں نے ڈویژنل انتظامیہ کے عوامی فلاحی اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے بعض مسائل کی نشاندہی بھی کی جبکہ انڈسٹری کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے حوالے سے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔اس موقع پر کمشنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔



