قومی

سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی کارروائی، پولیس افسر کی یونیفارم پہن کر خود کو ٹریفک اسسٹنٹ ظاہر کرنے والا شخص گرفتار، مقدمہ درج

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے پولیس یونیفارم کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خود کو ٹریفک پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے ایک شخص کو پکڑ کر اس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹریفک سیکٹر انچارج سمندری روڈ ٹریفک وارڈن تحسین مجید نے دورانِ ڈیوٹی ایک گاڑی کو روکا تو اس میں سوار ایک شخص باہر نکلا، جس نے پولیس افسر کی یونیفارم کی پینٹ اور بیلٹ پہن رکھی تھی اور خود کو ٹریفک اسسٹنٹ ظاہر کر رہا تھا۔ اس شخص کے مشکوک طرزِ عمل پر ٹریفک وارڈن نے اسے مزید انکوائری کے لیے روک لیا۔

دورانِ انکوائری مذکورہ شخص کی شناخت رانا سمیع سکنہ تاندلیانوالہ کے نام سے ہوئی، جو ایک کورئیر کمپنی میں ملازمت کرتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر کرایہ بچانے کے لیے بس ڈرائیورز کے سامنے خود کو پولیس افسر ظاہر کرتا اور پولیس یونیفارم سے مشابہ لباس استعمال کرتا تھا۔

ملزم کے خلاف تھانہ ڈی ٹائپ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے مقاصد اور ممکنہ دیگر سرگرمیوں کا تعین کیا جا سکے۔

سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد شہریوں کو آگاہ کرتی ہے کہ پولیس یونیفارم اور سرکاری عہدے کا ناجائز استعمال قانوناً جرم ہے۔ شہری کسی بھی مشکوک شخص یا جعلی پولیس اہلکار کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 یا ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر دیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button