قومی

سانحہ ساہیوال میں پنجاب حکومت فریق بن چکی،پارلیمنٹ معاملہ دیکھے گی :خواجہ آصف

اسلام آباد (94نیوز) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں پنجاب حکومت فریق بن چکی ہے ، پارلیمنٹ اس معاملے کودیکھے گی ۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں سانحہ ساہیوال پر بحث کے دوران تقریر کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاہے کہ عمران خان کہتے تھے سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں سیدھی گولیاں ماری گئی ہیں،شہبازشریف استعفیٰ دیں ، سانحہ ساہیوال میں بھی سیدھی گولیاں ماری گئی ہیں، وزیر اعظم نے ٹوئٹ میں ایک طرف سانحہ ساہیوال کی مذمت کی اور دوسری طرف سی ٹی ڈی کی تعریف کی ، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی ایک طرف جاکر پھول پیش کررہے ہیں ، دوسری طرف سی ٹی ڈی کا دفاع کررہے ہیں ، یہ وزیر اعظم کے وسیم اکرم تھے ، اگر وسیم اکرم کا یہ حال ہے تو پھر دوسروں کا کیا حال ہوگا ۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت صبح کچھ کہتی ہے اور شام کوکچھ اور کہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج عمران خان اور علی محمد خان اپنی تقاریر کویاد کریں اور اس واقعہ پر انصاف کرکے دکھائیں، ایک طرف واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا جاتا ہے اور دوسری طر ف مارنے والوں کے قصیدے بھی پڑھے جاتے ہیں ، یہ کس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بے سمت حکومت ہے اور کسی وقت بھی حادثہ ہوسکتا ہے ، جے آئی ٹی بنانے کا ایک رواج بن گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس معاملے میں فریق بن چکی ہے ،پارلیمنٹ اس معاملے کو دیکھے گی ، اس سے لوگوں کو کچھ تحفظ کا احساس ہوگا کہ ہمارے نمائندے ہمارا خیال کررہے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button