قومی

حکومت نے غیرمنصفانہ ٹریفک جرمانوں کا فیصلہ واپس نہ لیا تو پہیہ جام ہڑتال ہو گی، ٹرانپورٹرز ایسوسی ایشنز

ٹریفک پولیس کے بھاری اور غیر منصفانہ جرمانوں نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مفلوج کر کے رکھ دیا ،گھروں کے چولہے بند ہو رہے،ہزاروں خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں، پریس کلب میں پریس کانفرنس سے مقررین کا اظہار خیال

فیصل آباد (94 نیوز میاں ندیم احمد) حکومت نے غیرمنصفانہ ٹریفک جرمانوں کا فیصلہ واپس نہ لیا تو پہیہ جام ہڑتال ہو گی۔ پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن فیصل آباد کے چیئرمین چوہدری اسلم سٹی صدر رانا کاشف سیکرٹری محمد تنویر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کے بھاری اور غیر منصفانہ جرمانوں نے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے گھروں کے چولہے بند ہو رہے ہیں اور ہزاروں خاندان معاشی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 8 دسمبر سے غیر معینہ مدت تک شہر بھر کی ٹرانسپورٹ مکمل ہڑتال پر جائے گی اور اگر حکومت نے موجودہ آرڈیننس واپس نہ لیا تو تمام ٹرانسپورٹ بند کر دی جائے گی۔
اس موقع پر سٹی صدر رانا کاشف نے کہا کہ جاری کردہ آرڈیننس نے ٹرانسپورٹروں کی کمر توڑ دی ہے، اسی وجہ سے 50 فیصد گاڑیاں پہلے ہی بند پڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس کے بعد باقی 50 فیصد ٹرانسپورٹ بھی بند کر دی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹروں کے مطالبات فوراً منظور کر کے یہ آرڈیننس واپس لیا جائے۔
جنرل سیکرٹری محمد تنویر نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پہلے ہی مہنگائی، ایندھن کی قیمتوں اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے، ایسے میں بھاری جرمانے ٹرانسپورٹروں کے لیے تباہ کن ثابت ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز بارہا حکومت کو مسائل سے آگاہ کر چکے ہیں مگر کوئی سننے کو تیار نہیں۔
صدر پاسبان رکشہ ٹیکسی یونین میاں اعجاز نے کہا کہ فیصل آباد میں لاکھوں رکشے اور ویگنیں چلتی ہیں جن پر ہزاروں خاندانوں کا روزگار منحصر ہے، مگر حکومت نے جرمانوں اور ٹول پلازوں کے بوجھ کے ذریعے ان کا گلا دبا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مطالبات نہ مانے تو شہر میں کوئی رکشہ، ویگن یا بس نہیں چلے گی۔عظیم رندھوا سمیت دیگر عہدیداران نے کہا کہ ایک غریب رکشہ ڈرائیور بھاری چالان ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتا، ایسے حالات اسے ہمت ہارنے اور انتہائی اقدامات کی طرف دھکیل دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹول پلازوں کی فیسوں نے بھی ٹرانسپورٹروں کا جینا محال کر دیا ہے، کراچی سے فیصل آباد تک سفر کے دوران درجنوں ٹول فیسیں دینا پڑتی ہیں جو سراسر ظلم ہے۔

رہنماؤں نے اعلان کیا کہ ٹرانسپورٹرز پرامن ہڑتال کریں گے اور گھروں پر بیٹھ کر احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، مگر آرڈیننس کی واپسی تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button