کھیل

بھارت پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی کوششیں کرتا رہا: چیئرمین پی سی بی

کراچی (94نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ بھارت پہلے دن سے ہی پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا ہے۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فور) کے کامیاب انعقاد کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشتگردی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا اس لیے کرکٹرز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، کرکٹ رکنے سے صرف دہشتگردی کی جیت ہوگی اور اسی لیے دہشگردی کی وجہ سے کرکٹ کو نہیں روکنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان  میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کو بھرپور پذیرائی ملی لیکن بھارت پہلے دن سے ہی پی ایس ایل کو ناکام بنانے کی کوششیں کر رہا ہے، پاک بھارت کشیدگی کے دنوں میں مشینری لانے میں مشکلات آئی۔

احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ریجنل کرکٹ میں بھی سیاست آ گئی ہے، سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے کیونکہ اس سے سب سے بڑا نقصان کرکٹ کو ہوتا ہے، پی ایس ایل میں کھلاڑیوں نے بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، اس ایڈیشن میں بڑی تعداد میں نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے ۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پی ایس ایل میں شامل انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے کہا کہ ہماری سکیورٹی کم کی جائے کیونکہ ہم کراچی شہر کو دیکھنا چاہتے ہیں،یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔احسان مانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کیلئے کوشاں ہے، آئندہ سالپی ایس ایل کیلئے 4 سے 5 سٹیڈیم تیار کریں گے، کوشش ہوگی کہ پی ایس ایل کا ایک میچ حیدر آباد میں ہو۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button