پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے مابین مزاکرات کامیاب، گزٹ نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد کی یقین دہانی


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) پاکستان لیبر قومی موومنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے ایئر پورٹ چوک پر مزاکرات کامیاب ہوگئے۔ لیبر قوانین پر عملدرآمد کروانے کا اعلان کردیا گیا۔ چالیس روز بعد مطالبات منظور نہ ہونے پر سدھار سیکٹر کے مزدور احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ مزدوروں نے سدھار سے دھاندرہ ریلی نکالی اور مزدوروں کو ساتھ ملاتے ہوئے مین شاہراہ جھنگ روڈ کو ائیر پورٹ چوک سے بند کر دیا جس سے بین الضلاع شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ مزدور ضلعی انتظامیہ اور پاور لومز مالکان کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ مزدوروں کے احتجاج پر ایس ایچ او تھانہ ائر پورٹ شاہد پنو، اے سی صدر ذوالقرنین اور ڈائریکٹر لیبر غلام شبیر کلیار مزاکرات کے لئے موقع پر پہنچ گئے۔ جنہوں نے مزدوروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا حکومت پنجاب کی جانب سے جاری گزٹ نوٹیفکیشن 2025پر عمل درآمد کروایا جائے گا جس کے مطابق چالیس ہزار ماہانہ پر ورکر آٹھ گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور وہ پانچ لومز چلانے کا پابند ہو گا اس کے علاوہ وہ اور کوئی کام نہیں کرے گا۔ سوشل سیکورٹی مزدور کا بنیادی حق ہے جس ہر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ فیکٹریوں میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہو گا تمام مزدور صبح اپنی اپنی فیکٹریوں میں پہنچ کر کام کریں اس نوٹیفکشن پر عمل اب حکومت کا کام ہے مزدور راہنماؤں نے کہا ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر رہے ہیں حکومت اپنے وعدے کے مطابق اس پر عمل کروائے بائیس روز کی غیر قانی تالہ بندی پر مزدوروں کو اجرت دی جائے اگر ایسا نہ ہو سکا تو دوبارہ احتجاج کی کال دی جائے گی۔



