ایف ڈی اے کے ریٹائر ہونے والے ملازم کے اعزاز میں الوداعی پارٹی، ڈی جی آصف چوہدری کی خصوصی شرکت


فیصل آباد (94 نیوز) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے والے ڈرائیور حاجی کلیم جعفر 37سالہ کامیاب سروس کے بعد ملازمت سے ریٹائرڈ ہوگئے۔ ریٹائرمنٹ پر ان کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیاگیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خاں چدھڑ راجپوت، سٹاف آفیسر شبیر ساجد گجر ودیگر افسران کے علاوہ ڈی جی سٹاف کے اراکین اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پرریٹائرڈ ہونیوالے ملازم حاجی کلیم جعفر کو ہار پہنائے اوریادگاری تحائف پیش کئے گئے۔ڈائریکٹرجنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے باعزت اور باوقار ریٹائرمنٹ پر حاجی کلیم جعفر کو مبارک باد دی اور سرکاری خدمات کے دوران ان کی فرائض سے گہری وابستگی اور دیانتداری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حاجی کلیم جعفر کی آئندہ صحت مند زندگی اور درازی عمر کی دعاکی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل دلاور خاں چدھڑ راجپوت اور دیگر افسران نے بھی حاجی کلیم جعفر کی ادارہ میں عمدہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کی دیانتدارنہ اور باصلاحیت سروس دیگر ملازمین کیلئے باعث تقلید ہے۔ حاجی کلیم جعفر نے ڈی جی ایف ڈی اے اوردیگر افسران وسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ یہ عزت افزائی ان کیلئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے اپنی سروس کے بارے میں بتایاکہ ادارہ کی طرف سے انہوں نے مختلف وزراء،سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ صوبائی افسران کے ساتھ ڈیوٹی سرانجام دی اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہمیشہ وقت کی پابندی کے ساتھ دیانتداری سے سرکاری خدمات میں کوشاں رہے، یہی وجہ ہے کہ ان کی سروس کا ریکارڈ بے داغ ہے۔ تقریب کے آخر میں ڈی جی ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری ودیگر افسرا ن و سٹاف نے انہیں عزت و احترام اور گرم جوشی سے سرکاری گاڑی میں گھر کیلئے رخصت اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



