ایف ڈی اے سٹی میں 84 کنال رقبہ پر سنٹرل پبلک پارک قائم کیا جا رہا ہے، ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری


فیصل آباد(94 نیوز) ایف ڈی اے سٹی میں 84 کنال رقبہ پر سنٹرل پبلک پارک قائم کیا جا رہا ہے جسکی ماحولیاتی تقاضوں اور جمالیاتی ذوق کے مطابق ڈیزائننگ کی گئی ہے۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایک اجلاس کے دوران بتائی جس میں سنٹرل پبلک پارک کے پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں چیف انجینئر مہرایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں، انچارج ہارٹیکلچر رانا سجاد اوردیگر افسران نے شرکت کی جبکہ پی ایچ اے کی ماہر ڈیزائننگ مس بازلہ نے ترتیب دیئے گئے ڈیزائن کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں مجموعی طور پر 47 سے زائد پبلک پارکس کیلئے اراضی مختص کی گئی ہے ان میں چلڈرن پارک سمیت متعدد دیگر پارکس مکمل ہوچکے ہیں جبکہ خوبصورت تھیم کے تحت بلاک اے سیون میں سنٹرل پبلک پارک قائم کیا جا رہا ہے جس پر تعمیراتی کام شروع ہو چکا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ سنٹرل پبلک پارک میں گروپ پلانٹیشن کے علاوہ جاذب نظر لینڈ سکیپنگ، خوشنما جھیل اور عوامی دلچسپی کیلئے ہارٹیکلچر کے دیگر منصوبے شامل ہیں جبکہ وسیع جوگنگ ٹریک بھی اس سنٹرل پارک کا حصہ ہے تاکہ شہری خوشگوار اور تازگی کے ماحول میں سیروتفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سنٹرل پبلک پارک کے تعمیراتی کام کی باقاعدہ نگرانی کرتے ہوئے منصوبے کو تیزرفتاری سے مکمل کریں اور پارک کو ڈیزائننگ کے مطابق خوبصورت و پرکشش بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہئے۔انہوں نے ایف ڈی اے سٹی میں گرین بیلٹس اوردیگر پارکس کو سرسبز وشاداب رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ مون سون موسم میں وسیع شجرکاری کرنے کے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہرات، پارکس اور گرین بیلٹس میں مختلف اقسام کے آرائشی و سدا بہار پودوں کی بھرپور نشوو نما کی جائے اور ایف ڈی اے سٹی ریذیڈنٹس ایسوسی ایشن کو بھی شجرکاری مہم میں شریک کرکے لگائے گئے پودے کی نگہداشت وحفاظت کے خصوصی اقدامات کریں۔



