سیاسی جمود ٹوٹنے کو، نئے سال میں پی ٹی آئی کی واپسی کے آثار نمایاں


فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) حلقہ پی پی 99 میں سیاسی درجۂ حرارت ایک بار پھر تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔ سابقہ حکمران جماعتوں کی ناقص کارکردگی، وعدہ خلافیوں اور عوامی مسائل سے مسلسل چشم پوشی نے ووٹر کو سخت مایوس کر دیا ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے متحرک رہنما تیمور شاہد خاں ایک بار پھر عوامی امیدوں کا مرکز بنتے جا رہے ہیں۔موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومتی صفوں میں واضح انتشار، مہنگائی پر کنٹرول میں ناکامی اور گورننس کے فقدان نے عوام کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ پرانا تجربہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ ایسے میں نیا سال پی ٹی آئی کے لیے سیاسی بیداری اور واپسی کا سال ثابت ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ذرائع کے مطابق تیمور شاہد خاں کی حلقہ میں بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمیاں، عوامی رابطہ مہم اور زمینی سطح پر مضبوط نیٹ ورک نے مخالفین کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔ نیشنل اخبار کے سروے اور عوامی آراء کے مطابق نوجوان طبقہ، تاجر برادری اور متوسط طبقہ نئے سال میں واضح تبدیلی کے لیے پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہا ہے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ حکمران جماعتیں اپنی روش تبدیل نہ کر سکیں تو پی پی 99 میں سیاسی نقشہ مکمل طور پر بدل سکتا ہے۔ عوام اب نعروں کے بجائے عملی قیادت چاہتے ہیں، اور یہی خلا تیمور شاہد خاں پُر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔نیا سال جہاں ملک بھر میں سیاسی ہلچل لائے گا، وہیں پی پی 99 میں پاکستان تحریک انصاف کے لیے نئی امید، نئی سمت اور نئی طاقت کے امکانات واضح ہو چکے ہیں۔ حالات اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ آنے والا وقت پی ٹی آئی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔



