خالد محموداعظم آبادی مرکزی بین المذاھب امن کمیٹی کے سینیئر نائب صدر نامزد


فیصل آباد (94 نیوز) مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے نائب ناظم نشر واشاعت خالد محمود اعظم آبادی کو شہر میں امن وامان کی بحالی اور فرقہ واریت و انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے بہترین کردار ادا کرنے پر مرکزی بین المذاھب امن کمیٹی پاکستان میں سینیئر نائب صدر کے عہدے پر نامزد کر دیا گیا۔ گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے دوران مرکزی صدر حافظ شاہد اشرف، سیکرٹری جنرل صاحبزادہ طاہر محمود سیالوی، ایس پی پنجاب پولیس رحمان قادر، مولانا سکندر حیات ذکی، حافظ خبیب حمید، مولانا عبد الصمد معاذ، اسامہ اصغر چیمہ اور دیگر نے انہیں نامزدگی نوٹیفکیشن دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی بین المذاھب امن کمیٹی پاکستان ملک سے انتہا پسندی اور فرقہ واریت پسندی کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں تمام مسالک ومذاہب کے درمیان مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لئے سرگرم عمل ہے ۔ اس موقع پر خالد محمود اعظم آبادی نے کہا کہ دوست واحباب نے مجھے پر جو اعتماد کیا ہے میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور شہر میں امن و امان کی بحالی اور تمام مسالک کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواج پاکستان ، پنجاب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک میں امن و امان قائم کرنے کے لئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے ۔



