National

ہنر مند خواتین گھروں میں بیٹھ کر ہزاروں روپے کما سکتی ہیں،محمد سلیم انصاری

Faisalabad(94 news) نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں خواتین کی تربیت کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی، جس سے سابق ناظم اور سپریم ویلفیئر کونسل کے صدر محمد سلیم انصاری،محمد ارشد قاسمی، حاجی ارشاد احمد انصاری، حاجی پاشا،مس صبا امین اور مسز یاسمین حمید نے خطاب کیا، محمد سلیم انصاری نے کہا دور حاضر میں ہر شخص مہنگائی کا شکار ہو کر رہ گیا ہے، ان کھٹن اور مشکل حالات میں صرف ہنر افراد ہی اپنے گھرانے کا خرچہ بااسانی پورا کر سکتے ہیں، جو بیٹیاں ہنر مندی کی تربیت حاصل کر رہی ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے ہنر میں نکھار پیدا کریں،جس قدر ان کے ہنر میں نکھار اور جدیدیت ہو گی اسی قدر وہ اپنے لیے زیادہ روزگار کا ذریعہ بنتی چلی جائیں گی۔ آج بھی معاشرے میں جن خواتین کے ہنر میں نکھار اور جدت ہے وہ ہزاروں روپیہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر کما رہی ہیں،بلاشبہ نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول اس علاقہ میں بہترین اور قابل تحسین فلاحی خدمات گزشتہ ساٹھ سالوں سے بغیر کسی دنیاوی لالچ کے سر انجام دے رہا ہے جس کی جس قدر بھی تحسین کی جائے وہ کم ہے،انہوں نے دستکاری سکول کی طالبات کی بہبود کے لیے پانچ ہزار روپے کا عطیہ بھی دیا۔سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری محمد ارشد قاسمی نے کہا کہ سکول کی روشن تاریخ ہے کہ سکول میں آنے والی مستحق اور ضرورت مند طالبات کی بغیر کسی فیس اور جانچ پڑتال کے فنی تربیت انہیں فراہم کی جا رہی ہے، نہ صرف فنی تربیت بلکہ ضرورت مند طالبات کی شادی کے سلسلہ میں اور انہیں گھر میں روزگار شروع کرنے کے لیے ایک ایک سلائی مشین بھی دی جاتی ہے، حاجی ارشاد احمد انصاری نے کہا کہ خواتین کے لیے ضروری ہے کہ فنی تربیت کے ساتھ ساتھ اسلامی تعلیمات سے بھی آگاہی حاصل کریں، ان طالبات نے آنے والے کل میں ایک پورے گھر کی مالکہ بننا ہے اگر ہماری طالبات کے ذہنوں میں اسلام کے روشن اصول روشن ہوں گے تو وہ اپنے گھرانے کی بہترین تربیت کر سکیں گی جس سے ایک صالح اور اسلامی معاشرے کی بنیاد مضبوط سے مضبوط تر ہوتی چلی جائے گی۔مسز یاسمین حمید نے بیوٹی پارلر کے حوالے سے بتایا کہ دور جدید میں بیوٹی پارلر ایک ایسا شعبہ ہے جس میں مہارت سے ایک عورت جلد بسرروزگار ہو جاتی ہے، آج بھی اس ادارے سے تربیت مکمل کرنے والی اپنے گھروں میں بیوٹی پارلر کی بدولت اچھا روزگار حاصل کر رہی ہیں۔حافظہ صبا امین نے نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور نعت رسول مقبول پیش کی،جبکہ حاجی پاشا نے پاکستان کے حسین مستقبل اور طالبات کے آنے والے کل کے لیے رقت آمیز دعا کی۔بعد ازاں مہمانوں نے سکول کلاسنز کا دورہ کیا اور طالبات سے سیکھنے والے ہنر کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

Show More

Related Articles

Leave a Reply

Back to top button