قومی

کون بنے گا وزیرِاعظم پاکستان؟ فیصلہ آج ہوگا

اسلام آباد (94 نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا، قائد ایوان کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔ جو منظور کرلئے گئے ہیں۔

نئے وزیراعظم کا الیکشن آج 11 اپریل کو ہوگا، اس حوالے سے قومی اسمبلی نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔

اسکروٹنی کے عمل میں تحریکِ انصاف نے شہباز شریف کے نیب کیسز کو بنیاد بنا کر اعتراض اٹھایا، جسے سیکریٹری قومی اسمبلی نے مسترد کردیا تھا۔

پی ٹی آئی کے بابر اعوان نے کہا کہ دنیا کا پہلا وزیراعظم ہوگا جو 10 مہینے سے ضمانت پر ہے، جواب میں مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ بولے شہباز شریف کو کسی بھی مقدمے میں سزا نہیں ہوئی۔

اس صورت حال پر سیکریٹری اسمبلی نے کہا کہ وقت ضائع نہیں کریں، محض الزامات پر  کیسے نااہل ہوسکتا ہے، سیاسی تقریریں نہیں کریں۔

شہباز شریف کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کے وقت ان کے ہمراہ شاہد خاقان عباسی، نوید قمر، محسن داوڑ، ایاز صادق، سعد رفیق اور خواجہ آصف تھے۔ جبکہ خواجہ آصف اور رانا تنویر شہباز شریف کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف کی طرف سے کورنگ امیدوار کا کوئی نام جمع نہیں کروایا گیا۔

متحدہ اپوزیشن کی جانب سے 13 کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے  وزارتِ عظمیٰ کے لیے شاہ محمود قریشی کے 4 فارمز قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائے گئے۔

عامر ڈوگر اور علی محمد خان ان کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ تھے جبکہ ان کے کاغذات نامزدگی بھی بنا کسی اعتراض کے منظور کر لیے گئے۔

دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے آج 11 اپریل کو ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔ جو کہ اب دن گیارہ بجے کی بجائے دوپہر 2 بجے ہو گا۔

 قومی اسمبلی نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا جس کے بعد عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم نہیں رہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button