کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے متحرک ہو گئیں، شوگر مل مالکان کاشتکاروں کو10 یوم میں بقایاجات کی ادائیگی کریں،


فیصل آباد(94 نیوز) کمشنر فیصل آباد سلوت سعید گنے کے کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے متحرک،انہوں نے گنے کے کریشنگ سیزن پر عملدرآمد سمیت گندم کی بوائی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو گنے کے کاشتکاروں کو10 یوم میں بقایاجات کی ادائیگی کرانے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ادائیگی نہ کرنے والی شوگر ملز سیل اور ان کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کرائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ادائیگی نہ کرنے والی ملز سے چینی کا سٹاک ضبط کرکے نیلام کرائیں اور کسانوں کو ادائیگی کرائی جائے۔کسانوں کو ادائیگیاں نہ کرنے والی شوگر ملز کو گنا فروخت نہ کرنے کی تشہیر کریں۔کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کسانوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی سخت ترین ہدایات جاری کررکھی ہیں۔اس ضمن میں زیروٹالرنس ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تاحال کریشنگ شروع نہ کرنے والی ملز کی انتظامیہ کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔کمشنر نے اجلاس میں موجود شوگر ملز کے عہدیداران کو سخت پیغام دیااورکہا کہ ڈپٹی کمشنرز کسانوں کی آواز بنیں اور ملز کا قبلہ درست کرائیں۔کسانوں کو فصل کی کٹائی کے لئے آن بورڈ لیں اور انہیں سہولت فراہم کی جائے۔وزن کے کنڈوں کی مسلسل انسپکشن کی جائے اور کسانوں کو کم وزن کی شکایت برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے گندم کی بوائی کے اہداف پر بریفنگ بھی لی۔18 لاکھ 34 ہزار263،ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت ہوچکی ہے جو ہدف کا97 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ یوریا اور اے ڈی پی کھادوں کی دستیابی،مقررہ نرخوں پر کسانوں کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔کسان کارڈ کے ذریعے پونے دو ارب روپے کی ٹرانزیکشن احسن اقدام ہے۔نہری پانی کی ٹیل تک دستیابی یقینی بنائیں۔کسانوں کو پانی نہ ملنے کی شکایت قابل قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کی رہنمائی کے لئے دیہاتوں میں ان کے دروازوں تک پہنچیں۔فارمرزٹریننگ وآگاہی پروگرلٹریچر کی تقسیم،روڈ شوز،میگاایونٹس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے۔47 ہزار831 کسان کارڈز کاشتکاروں میں تقسیم ہوچکے ہیں اس سال کے ہدف کی تکمیل کے لئے ایک سے12،ایکڑ رقبہ کے مزیدکسانوں کو اپلائی کرائیں۔ کسان کارڈ کے لئے درخواست دینے کے بارے میں اہلیت سے متعلق کسانوں کی بھرپور رہنمائی کی جائے۔اہل کسانوں کی طرف سے درخواست جمع کرانے پر ہی ہدف کی تکمیل یقینی ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر)ندیم ناصر،ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ عدیل احمد،اسسٹنٹ کمشنرجنرل ڈاکٹر عابد ممتاز،شوگر ملزکے نمائندے،محکمہ انہارکے افسران کے علاوہ جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنرز نے اضلاع میں گنے کی کریشنگ اور کسانوں کو بقایا جات کی ادائیگی سے آگاہ کیا۔



