کسانوں کا استحصال کسی صورت نہیں ہونے دینگے، کمشنر سلوت سعید


فیصل آباد (94 نیوز) کمشنر سلوت سعید کی زیرصدارت ڈویژنل کراپ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود کے علاوہ دیگر افسران اور کسانوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔
کمشنر کو کپاس کی کاشت اور اہداف بارے آگاہی دی گئی۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ کسانوں کو کپاس کی فصل کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کے لئے ہیلپ لائن بنائی جائے۔ کسانوں کا استحصال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے جعلی وغیر معیاری زرعی ادویات کی فروخت کے خلاف کارروائی کی تاکید کی اور کہا کہ ایسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے ٹھکانوں کو بند کرائیں۔کسانوں کو نہری پانی کی ٹیل تک فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔کسانوں کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ڈویژن بھر میں کاشتکاروں کوکپاس کی فصل کی کاشت کے بارے میں موثر آگاہی دی جائے۔اس ضمن میں دیہی علاقوں میں سیمینارز کا انعقاد ناگزیر ہے۔کمشنر نے کسانوں کے نمائندوں کی طرف سے درپیش مسائل کے ازالہ کے لئے ڈائریکٹر زراعت کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈیوں میں کسانوں کوتحفظ فراہم کیا جائے۔ڈائریکٹر زراعت نے کپاس کی فصل کی پیداوار اور کسان دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں موجود کسانوں نے ڈویژن میں کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے موثر اقدامات پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ اداکیا۔



