سائنس و ٹیکنالوجی

پی ٹی اے نے جعلی آئی ایم ای آئی والے موبائل فون بند کرنے کی تاریخ میں کتنی توسیع کر دی؟

اسلام آباد (94 نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے موبائل فون کی تصدیق کی تاریخ میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی اے کے اجلاس میں موبائل فون کی تصدیق آئندہ احکامات تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، اس سے قبل موبائل فونز کی تصدیق کیلئے 20 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

دوسری جانب سینیٹ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے بھی پی ٹی اے کو 20 اکتوبر کے بعد موبائل فون بلاک نہ کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس کے دوران چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے نکتہ اٹھایا کہ پی ٹی اے 20 اکتوبر سے موبائل فون بند کرنے جا رہا ہے، پی ٹی اے حکام وضاحت کریں کہ معاملہ کیا ہے کیونکہ ان کا بیان واضح نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب سے کمیٹی شروع ہوئی ہے، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اجلاس میں نہیں آئے، اگر وفاقی وزیر نہیں آتے تو ان کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے 20 اکتوبر سے غیر رجسٹرڈ اور سمگل شدہ موبائل فون بند کرنے کے حوالے سے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پراسیس کیلئے نیا سسٹم لانچ کیا جارہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ سمگل شدہ اور ڈوپلیکٹ آئی ایم ای آئی نمبر روکنے کیلئے نیا سسٹم لا رہے ہیں کیونکہ ڈوپلیکیٹ آئی ایم ای آئی نمبر ٹریس کرنا مشکل ہوتا ہے اور یہ سیکیورٹی کیلئے بھی خطرات ہیں۔

اس موقع پر ارکان کمیٹی کا کہنا تھا کہ ‘پی ٹی اے کسی اور کے لیے تھانہ بننے جا رہا ہے، لوگوں کو صحیح طریقے سے بتایا بھی نہیں گیا، ہر طرف 8484 ایس ایم ایس گھوم رہا ہے اور ہر ایس ایم ایس پر چارجز بھی لئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ارکان نے مطالبہ کیا کہ کوئی موبائل فون بند نہیں ہوگا، آئندہ اجلاس میں آئی ٹی کے وزیر آئیں اور پالیسی بنائیں۔

سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کمیٹی اراکین سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دیہی عوام کو موبائل سم اور سیٹ کا پتہ ہی نہیں، وہ صرف موبائل پر آنے والی کال کو ہی سن سکتے ہیں۔ کمیٹی نے یہ ہدایت بھی کہ اسمگل شدہ اور ڈوپلیکٹ موبائل ڈیوائسز کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی مہم چلائی جائے۔

Tags
مزید

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Close