انٹرکالجیٹ مقابلے سیشن 24-2023، جنرل ٹرافی پنجاب کالج، رنر اپ سپیریئر کالج نے حاصل کی، تقسیم انعامات کی تقریب تعلیمی بورڈ میں منعقد ہوئی

کھیلیں نوجوان نسل کیلئے انتہائی ناگزیر،جو انہیں چاق و چوبند رکھتی ہیں، ڈاکٹر حبیب الرحمان

فیصل آباد (94 نیوز) کھیلیں نوجوان نسل کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں جو انہیں چاق و چوبند رکھنے میں فعال اور نظم و ضبط کا عادی بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔ جس قوم کے کھیلوں کے میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتالوں میں ویرانی کے ڈیرے چھائے رہتے ہیں۔
یہ اظہار سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ڈاکٹر حبیب الرحمن نے تعلیمی بورڈ میں کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی ہدایت پر ہونے والی انٹرکالجیٹ سپورٹس مقابلے سیشن24 -2023 کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال انٹر کالجیٹ چیمپئن شپ کے انعقاد کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے جو بعد میں قومی ٹیم کے ساتھ شریک ہو کر ملک و قوم کا نام بلند کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق کمشنر و چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید بھی کھیل اور کھلاڑیوں کی ترقی و ترویج کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو دیگر سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کی انعامی رقم میں بھی اضافہ کیا ڈاکٹر حبیب الرحمن نے ڈائریکٹر سپورٹس تعلیمی بورڈ فیصل آباد محمد شہزاد خالد کی طرف سے انٹربورڈز کھیلنے والے کھلاڑیوں کے معاوضہ جات میں کمی کے حوالہ سے بات کرتے ہوئے ان میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیا۔ سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ بورڈ میٹنگ سے منظوری لے کر ان کے معاوضہ جات بھی بڑھا دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان کے علاوہ ہمیں عملی میدان میں کامیابیاں سمیٹنے کیلئے نہ صرف سخت جدوجہد کرنی ہوگی بلکہ محنت کے ساتھ ساتھ عاجزی و انکساری کو بھی اپنا شعاربنانا ہو گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز فیصل آباد ڈویژن کلثوم اختر نے خطاب کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈر کالجز کے سربراہان‘ پرنسپلز‘ کوچز اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے نوجوان نسل نشہ و بے راہروی جیسی لعنت سے محفوظ رہتی ہے مشاہدہ میں آیا ہے کہ کھیلوں سے وابستہ کالجز کے بچے بھی نہ صرف صحت مندو توانا ہوتے ہیں بلکہ وہ اپنے کالجز کا نام روشن کرنے میں بھی فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر سپورٹس تعلیمی بورڈ فیصل آباد محمد شہزاد خالد نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی کھیلوں کے حوالہ سے کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے نہ صرف انٹربورڈز مقابلوں میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے بلکہ کئی بار اپنی شاندار کارکردگی کے بل بوتے پر جنرل ٹرافی کا بھی حقدار ٹھہرا جس پر ہال میں موجود شرکاء نے تالیاں بجا کر انہیں دل کھول کرداد دی اس موقع پر انہوں نے کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعیدو سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کھیلوں کی ترقی و ترویج کیلئے انہیں بہترین مواقع اور فنڈز فراہم کئے اس موقع پر انہوں نے انٹر بورڈز ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ٹی اے ڈی اے میں اضافہ کرنے کی درخواست کی تو سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے بورڈ میٹنگ میں ایجنڈا لانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسے منظور کروانے کی یقین دہانی کروائی تو پورا ہال تالیوں کی آواز سے گونج اٹھا اور کھلاڑیوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر پنجاب کالج پروفیسر رفعت اقبال‘ ڈائریکٹر سپیریئر کالج چوہدری محمد یوسف‘ پرنسپل ڈی پی ایس نورالامین‘ ڈائریکٹر سپورٹس (خواتین) تعلیمی بورڈ فیصل آباد نگہت نورین‘ ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر سردار بابر ڈوگر‘ اسٹیٹ آفیسر رانا محمد امجد علی خاں‘ ڈپٹی سیکرٹری سٹور برانچ مہر محمد نواز دیوکا‘ ڈپٹی کنٹرولر میٹرک برانچ محمدسعید اعوان‘ ڈپٹی کنٹرولر انٹر برانچ چوہدری محمد یوسف‘ اسسٹنٹ کنٹرولر کنڈکٹ میٹرک برانچ رانا غلام سرور‘ اسسٹنٹ کنٹرولر کنڈکٹ انٹر برانچ میاں نعیم احمد‘ محمد سلیم ملک‘ رانا خالد محمود خاں‘ میاں محمد سرور قمر قادری‘ میاں محمد اکرام‘میاں اکرم رضا‘ محمد جاوید وارثی‘ میاں اطہر منیر‘ رانا ذوالفقار علی منہاس‘ رانا خالد بشیر‘میاں سعید احمد‘ اختر حسین بدر‘ مختلف کالجز کے ڈائریکٹر سپورٹس خالد یعقوب‘ رضا مہدی‘ محمد فرقان‘ پروفیسر شکیل احمد اور وارث علی منہاس کے علاوہ محمد عثمان‘محمد شوکت اور سید ساجد حسین نقوی سمیت دیگر کالجز کے سربراہان‘ پرنسپل حضرات‘ کوچز اور کھلاڑیوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد احمد نے حاصل کی اور گلہائے عقیدت کشف نے نچھاور کئے اس موقع پر اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر خاقان اجمل نے سرانجام دیئے۔ آخر میں مختلف کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کو مہمان خصوصی ڈائریکٹر کالجزفیصل آباد ڈویژن کلثوم اختروسیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن کی طرف سے انعامات‘ شیلڈز اور ٹرافیاں دی گئیں۔ یاد رہے کہ انٹرکالجیٹ مقابلے سیشن 24-2023ء کی جنرل ٹرافی پنجاب کالج جبکہ رنر اپ سپیریئر کالج نے حاصل کی۔



