پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ، عوام کی امیدیں دم توڑ گئیں


اسلام آباد(94 نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حالیہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے پیٹرولیم کی قیمتیں سابقہ سطح پر ہی برقرار رکھتے ہوئے اس کا پورا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ اقدام ان بہت سے دیگر اقدامات میں سے ایک ہے جو بجلی کے نرخوں میں بامعنی کمی کا باعث بنے گا۔ بجلی نرخوں کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کے فرق سے پیدا ہونے والی مالی گنجائش اور دیگر اقدامات سے بجلی کی قیمتوں میں عوام کو بڑا ریلیف دینے کا پیکج تیار ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے پیکج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔ حکومت سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو ترجیح دینے کا عہد کیا تھا۔وزیر اعظم نے اگلے چند ہفتوں میں بجلی کے نرخوں میں کمی کی صورت میں ریلیف اور عوام کے لیے مزید آسانیاں فراہم کرنے کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اس ریلیف سے نہ صرف بجلی کی قیمتیں کم ہوں گی۔ بلکہ اس کا اثر مجموعی طور پر مہنگائی پر پڑے گا اور اس میں مزید کمی واقعہ ہو گی۔



