پاکستان کو دس گنا زیادہ بجلی ایکسپورٹ کرنے کیلئے تیار ہیں, ایرانی صدر حسن روحانی


تہران(94نیوز)ایرانی صدر حسن روحانی نے کہاہے کہ پاکستان کے ساتھ سرحدی سکیورٹی کیلئے مشترکہ ریپڈ فورس بنانے پر اتفاق کیا گیاہے، ایران پاکستان کو دس گنا زیادہ بجلی ایکسپورٹ کرنے کیلئے بھی تیار ہے
وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کی ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر تعمیری بات چیت ہوئی ہے اور دونون ممالک دو طرفتہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہیں ۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات پر کوئی تیسرا ملک اثر انداز نہیں ہو سکتا، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سرحدوں پر سیکیورٹی کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ہے کیونکہ سرحدوں پر دہشتگردی کے واقعات کا سامنا کرنا پڑاہے اور اس کیلئے سرحدوں پر سیکیورٹی کیلئے مشترکہ ریپڈ فورس بنانے پر اتفاق کیا گیاہے ۔
ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر بھی بات چیت کی گئی ہے ، ایران نے اپنی سرحد تک پائپ لائن بچھا لی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ ایران دس گنازیادہ بجلی پاکستان کو ایکسپورٹ کرنے پر تیار ہے۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔



