قومی

محکمہ مال کے معیار کو بہتر بنانےکیلئے اقدامات کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر محمد علی

فیصل آباد(94 نیوز) ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ مال کی سروسز کے معیار میں اضافہ کے لئے تقاضوں کے مطابق موثر اور تیز رفتار اقدامات کئے جائیں تاکہ سائلان کو بلاتاخیر ریلیف حاصل ہو اور اعلیٰ نظم ونسق کے بارے میں حکومتی مقاصد پورے ہوسکیں۔انہوں نے یہ ہدایت تحصیل جڑانوالہ کے تفصیلی دورہ کے دوران تحصیل آفس میں ریونیو افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عمر دراز گوندل نے ڈپٹی کمشنر کو محکمہ مال کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل بھر میں سرکاری بقایاجات کی ریکوری مہم کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اہداف کے سو فیصد حصول کویقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری بقایا جات کی ریکوری اہم ٹاسک ہے جس کے لئے ریونیو افسران پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے لہذا وہ اپنے ذمہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے سرکاری زمینوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ وہ مقررہ ٹارگٹ کے حصول کو پورا کرنے کے لئے مربوط اور موثر لائحہ عمل وضع کریں اورکارکردگی رپورٹ سے انہیں باقاعدگی سے آگاہ رکھا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے تحصیل آفس کے احاطہ میں کھلی کچہری لگا کر عوامی مسائل بھی سنے اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر تحصیل افسران کو ہدایت کی کہ لوگوں کے مسائل /شکایات کا مقامی سطح پر ازالہ کریں اس ضمن میں ان کے دفتر عوام کے لئے کھلے رہنے چاہیں۔انہوں نے درخواست گزاروں کے مسائل سنتے ہوئے متعلقہ افسران کو تنبیہ کی کہ عوامی مسائل سے روگردانی کرنے والوں کا سخت محاسبہ کیا جائے گا۔انہوں نے تحصیل آفس کے احاطہ میں کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت پودا بھی لگایا۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کرکے انتظامی امورکاجائزہ لیااورمختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے ولی طبی سہولیات کو چیک کیا۔انہوں نے مشینری کی حفاظت،مریضوں کی آسائش کا خیال رکھنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے مریضوں ولواحقین سے ہسپتال کی کارکردگی،ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے اعلیٰ نظام کو ہمہ وقت قائم رکھنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنرنے اراضی ریکارڈ سنٹر کامعائنہ کرتے ہوئے اعلیٰ نظم ونسق کو ہمہ وقت برقرار رکھنے اور سنٹر سے رابطہ کرنے والے شہریوں کو انتظار کی زحمت سے بچاتے ہوئے ان کے کام تیز رفتاری سے نمٹانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کی سروسز کا معیار مزید بہتر بنایا جائے تاکہ تیزرفتار اور عمدہ سروس کی بدولت اس سسٹم پر لوگوں کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔انہوں نے فردات کے حصول کے لئے آئے ہوئے سائلان سے بھی ملاقات کی اور ان سے مسائل دریافت کرتے ہوئے کہا کہ سنٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنرنے اواگت میں بوائز ہائرسیکنڈری سکول کا اچانک معائنہ کیا اور تدریسی عمل کا جائزہ لیا۔انہوں نے سکول میں صفائی کے ناقص انتظامات پر انتظامیہ کی سرزنش کی اور کہا کہ سکول کو دوبارہ پھر اچانک چیک کیا جائے گااور اگر صفائی کے انتظامات میں کمی نظر آئی تو سخت محکمانہ ایکشن ہوگا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button