قومی

پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں واپسی کا امکان

اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو سوا سال تک اسمبلی کے باہر نہیں بیٹھا جا سکتا

اسد عمر، شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری اور پرویز خٹک اسمبلی میں واپسی کے خواہشمند

پشاور (94 نیوز) پشاور میں ہونے والی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کا امکان ہے۔ کور کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی میں واپسی کی تجویز پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق کور کمیٹی اجلاس میں اراکین نے کہا کہ اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو سوا سال تک اسمبلی کے باہر نہیں بیٹھا جا سکتا۔
عمران خان نے اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ سینئر قیادت سے مشروط کر دیا اور کہا کہ 25 مئی کو تحریک انصاف کی پنجاب کی قیادت نے مایوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے جہاں تحریک انصاف کہ اکثریت موجود ہے۔اکثریت کے باوجود پنجاب سے جتنا زیادہ ردِعمل آنا چاہئیے تھا وہ نہیں آیا۔

عمران خان نے کہا شفقت محمود، فواد چوہدری اور دیگر کارکنوں کو نکالنے میں ناکام رہے۔

رپورٹ کے مطابق اسد عمر ، شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری اور پرویز خٹک اسمبلی میں واپسی کے خواہشمند ہیں اور اس حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی میں اسمبلی میں جانے یا نہ جانے پر کافی بحث ہوئی۔ کور کمیٹی میں فی الحال اسمبلی میں واپس نہ جانے کا فیصلہ ہوا۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں واپس آرہی ہے۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے اپنے اس دعوے کی وضاحت کرتے ہوئے ٹوئٹ میں آگے لکھا ہے کہ انشا اللہ دو تہائی اکثریت سے زیادہ نشستیں لے کر تحریک انصاف واپس قومی اسمبلی میں آئے گی۔ فیصل جاوید نے مزید کہا کہ پوری قوم کا مطالبہ ہے فوری نئے اور شفاف انتخابات کرائے جائیں۔جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے ان افواہوں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پشاور میں کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے قومی اسمبلی میں واپسی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ ہم شروع سے کہہ رہے ہیں کہ نئےانتخابات کا اعلان کیا جائے، صرف ہم ہی نہیں بلکہ مریم نواز سمیت ن لیگ کی قیادت بھی الیکشن کی بات کرتی رہی ہے۔شہبازشریف نے بھی اسمبلی تقریر میں کہا بات چیت کرنا چاہتے ہیں، کورکمیٹی میں اسمبلی میں واپس جانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، سپریم کورٹ نے ایک کمیٹی بنائی تھی وہ کمیٹی مارچ سے متعلق بنائی گئی تھی، لیکن پی ڈی ایم کی کمیٹی میں بڑے نام تھے ان کے نزدیک شاید یہ کمیٹی اسمبلی میں واپسی کیلئے بات چیت کے مقصد کیلئے بھی تھی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button