محکمہ لائیو اسٹاک کے زیر اہتمام ورلڈ اینٹی مائیکروبیل آگاہی ویک کے سلسلے میں آگاہی سیمینارز اور واکس کا انعقاد


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر)محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈویژن فیصل آباد کی جانب سے سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب احمد عزیز تارڑ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب بھر کی طرح ڈویژن فیصل آباد میں بھی ورلڈ اینٹی مائیکروبیل آگاہی ویک (WAAW) کے سلسلے میں تمام اضلاع میں خصوصی آگاہی سرگرمیوں،سیمینارز اور واکس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سرگرمیاں One Health اپروچ کے تحت ADDRS ڈائریکٹر کی رہنمائی اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کی قیادت میں آؤٹ لائن کی گئیں جن میں فیصل آباد،جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع نے بھرپور حصہ لیا۔تقریبات میں متعلقہ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک،DICO فیصل آباد، متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد سے پروفیسرز بطور گیسٹ سپیکرز، ویٹرنری افسران، سینئرویٹرنری افسران، اے پی وی اوز، فیلڈ سٹاف اور لائیوسٹاک فارمرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ماہرین نے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس (AMR) کے بڑھتے خدشات، غیر ضروری اینٹی بائیوٹکس کے استعمال کے نقصانات، مناسب تشخیص کی اہمیت اور ذمہ دارانہ ادویات کے استعمال پر مفصل لیکچرز دیئے۔شرکاء کو بتایا گیا کہ اینٹی بائیوٹکس کا بے جا استعمال نہ صرف مویشیوں کی صحت کو متاثر کرتا ہے بلکہ انسانی صحت اور مستقبل کی نسلوں کے لئے بھی سنگین خطرات کا باعث بنتا ہے۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر سید ندیم بدر نے کہا کہ اینٹی مائیکرو بیل ریزسٹنس ایک تیزی سے بڑھتا ہوا عالمی مسئلہ ہے اور اس کا مقابلہ صرف ذمہ دارانہ ادویات کے استعمال، درست تشخیص، بروقت علاج اور عوامی آگاہی سے ہی ممکن ہے۔ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد ڈویژن کسانوں اور عوام کو اس مسئلے سے بچاؤ کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کر رہا ہے اور آگاہی مہمات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور اینٹی بائیوٹکس کے محدود اور ضرورت کے مطابق استعمال سے ہی محفوظ حال اور بہتر مستقبل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔



