قومی

سیکرٹری لیبرلیاقت چٹھہ کا فیصل آباد کا دورہ، انسداد ڈینگی اقدامات مزید بہتر کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (94 نیوز) سیکرٹری لیبر پنجاب/انچارج انسداد ڈینگی اقدامات لیاقت علی چٹھہ نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں انسدادڈینگی اقدامات پر اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

ڈپٹی کمشنرلیفٹیننٹ(ر)سہیل اشرف نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات پربریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند، سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی بلال فیروز جوئیہ، اسسٹنٹ کمشنرز محمد عمر مقبول، صاحبزادہ محمد یوسف، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سلیمان زاہد، ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں موجود تھے۔ سیکرٹری لیبر پنجاب/ انچارج نے کہا کہ مون سون موسم کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کے حوالے سے آئندہ ایک ماہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے لہذا تمام محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ڈینگی لاروا کے انسداد کے لئے میدان عمل میں آئیں جن کی کارکردگی کو تسلسل کے ساتھ مانیٹر بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ضلع میں انسداد ڈینگی پرعملی اقدامات واضح نظر آرہے ہیں۔ٹیمیں متحرک ہیں تاہم آئندہ بھی کسی جگہ بھی انسداد اقدامات میں نرمی نہیں آنی چاییے۔انہوں نے سرکاری ونجی ہسپتالوں کو شامل کرکے ڈینگی بیڈز کو ایمرجنسی کی صورت میں تیار رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتال کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔سیکرٹری لیبر پنجاب نے لیبروہاؤسنگ کالونیوں میں صفائی اور سیوریج کے نظام کو اپ ٹو مارک رکھنے کے لئے متعلقہ محکموں اور وہاں مقیم افراد کو انسداد ڈینگی مہم میں شریک رکھنے کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ ٹائر شاپس،قبرستانوں اور ڈینگی لاروا کی افزائش کے دیگر مشتبہ مقامات کو باربار چیک کریں۔انہوں نے غلہ،پھل وسبزی منڈیوں میں انسدادی اقدامات میں تیزی لانے اور دیہاتوں سے شہر میں تبدیل ہونے والے علاقوں پر بھی فوکس رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی کے سلسلے میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایات پر فیصل آباد میں سرویلنس سرگرمیوں اورانسدادی اقدامات کی مانیٹرنگ کررہے ہیں جو تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی لہذا ہر محکمہ کی کارکردگی ایک سے بڑھ کر ایک ہونی چاہیے،اس ضمن میں غفلت شعار محکموں کے افسران سے وضاحت بھی طلب کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرویلنس سرگرمیوں کو مزیدتیز کرتے ہوئے حقیقی رپورٹنگ کی جائے۔انہوں نے عوامی آگاہی کے لئے تشہیر کے تمام تر ذرائع بروئے کار لانے کی بھی تاکید کی۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں انسداد ڈینگی کے سلسلے میں تمام محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں اور وہ روزانہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کی میٹنگ کرکے پراگریس کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ قبرستانوں،ٹائر شاپس سمیت ہاٹ سپاٹس کی سرویلنس کا عمل بلاتعطل جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی کے ممکنہ مریضوں کے لئے بیڈز بھی مختص کریں گے جبکہ انسدادی واحتیاطی تدابجر اختیار نہ کرنے والوں کی دکانوں کو سیل اور مقدمات درج کرائے جارہے ہیں اور اس مہم کا دائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ مراکز میں اینڈرائڈ یوزر کی تعداد بڑھائی گئی ہے جبکہ ضلع میں پولیو کے مائیکروپلان کے مطابق پورے ضلع کو ڈینگی کے حوالے سے مکمل سویپ کرنے کی پلاننگ جاری ہے جس میں تمام محکموں کو شامل کریں گے۔ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس سرگرمیوں کی تفصیلات،مقدمات کے اندراج،نوٹسز کی فراہمی،تلاپیہ مچھلیوں کو تالابوں میں چھوڑنے سمیت دیگر انسدادی اقدامات پر بریفنگ دی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button