فیصل آباد میں انسداد پولیو مہم 28 اکتوبر سے شروع ہوگی، مہم کا افتتاح 26 اکتوبر کو ڈپٹی کمشنر کریں گے،


فیصل آباد(94 نیوز) فیصل آباد میں 28 اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیومہم کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مہم کا افتتاح ہفتہ26 اکتوبر کو ہوگا۔ مہم کے حتمی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند یار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس، ڈی ڈی ایچ اوڈاکٹر عظیم ارشد کے علاوہ یونیسف اورعالمی ادارہ صحت کے نمائندگان اور مختلف ضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے سو فیصداہداف یقینی بنانامشن ہے لہذا ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ مہم کی خامیوں کا ازالہ ہونا چاہیے اس ضمن میں معمولی سی بھی سستی یا عدم توجہی کی گنجائش نہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے دوران والدین کی آگاہی کے لئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔



