ڈپٹی کمشنر نے زرعی گریجوایٹس کوانٹرن شپ لیٹرتقسیم کردئیے


فیصل آباد (94 نیوز) وزیراعلی پنجاب کی زرعی شعبہ میں ترقی کے لئے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت نوجوان زرعی گریجوایٹس انٹرن شپ کے سلسلے میں ضلع میں میرٹ کے بعد منتخب ہونے والے 42، امیدواروں میں ایک سال پر مشتمل انٹرن شپ لیٹرتقسیم کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے تقریب کی صدارت کی اور منتخب ہونے والے زرعی گریجوایٹس میں تقررنامے تقسیم کرتے ہوئے انہیں مبارکباددی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز/فنانس احمد سلیم چشتی،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع حافظ عدیل احمد،زرعی یونیورسٹی سے پروفیسر ڈاکٹر جعفر جسکانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس پروگرام سے نہ صرف کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا بلکہ طالب علموں کو عملی علم اور تجربہ حاصل کرنے کا نادر موقع بھی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کے تحت نوجوان زرعی گریجوایٹس13 ستمبر سے فیلڈ میں خدمات انجام دیں گے۔انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اوریہ پروگرام نوجوانوں کے لئے مستقبل میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان فرائض منصبی کو ذمہ داری سے انجام دیں اور سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع نے بتایا کہ اس انٹرنشپ پروگرام میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کو ساٹھ ہزار روپے ماہانہ گورنمنٹ آف پنجاب فراہم کرے گی اور اس کی معیاد ایک سال تک ہے۔ہر طالب علم انٹرنی کو سرکل الاٹ جس کی باقاعدہ جیو فینسنگ کر لی گئی ہے اور ان زرعی گریجوایٹ انٹرنی کی باقاعدہ نگرانی بذریعہ موبائل ایپ جی پی ایس کوآرڈینیٹ کی جائے گی اور باقاعدہ کے۔ پی آئی ٹارگٹس مہیا کئے جائیں گے اس طرح فیلڈ ورک میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے گا اور معیاری مشاورت کاشتکاروں کو میسر آئے گی۔ جس میں فصلات کی نگہداشت کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ آف پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کو دیگر سبسڈی کی سہولیات کے بارے بھی آگاہی اور راہنمائی مہیا کی جائے گی۔انٹرنیز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار زرعی گریجوایٹس کے لئے پیڈ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ اداکرتے ہیں۔انہوں نے عزم کا ارادہ کیا کہ کسانوں کی رہنمائی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے بھی مشکورہیں کہ اس پلیٹ فارم پر مدعو کرکے لیٹرز تقسیم کئے۔انٹرن شپ پروگرام بڑی اہمیت کا حامل ہے جس سے فیلڈ میں سیکھنے کا موقع ملے گا۔



