ایف ڈی اے سٹی کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے رہائشیوں کو داخلے کیلئے وہیکلزاسٹکرز جاری کردئیے گئے،

سیکیورٹی نظام میں بہتری لانے پر ڈائریکٹر جنرل محمد آصف چوہدری اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں، زاہد سرفراز صدرریزیڈنٹس ایسوسی ایشن

فیصل آباد (94 نیوز سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے سٹی میں سیکیورٹی سسٹم کو مزید منظم اور مربوط بنایا گیا ہے اس سلسلے میں مین گیٹ سے داخلے کے لئے مختلف نوعیت کے انٹری سٹکرز جاری کئے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی سرویلنس کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کے نیٹ ورک کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر/ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں نے سیکیورٹی سسٹم میں بہتری کے اقدامات کے تحت جاری کئے گئے مختلف نوعیت کے سٹکرز ریزیڈنٹس ایسوسی ایشن کے صدر زاہد سرفراز و دیگر عہدیداروں کے حوالے کئے تاکہ ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں کی گاڑیوں پر چسپاں کئے جا سکیں اور انہیں مین گیٹ پر انٹری کےلئے سیکیورٹی انسپکشن کے عمل میں کوئی رکاوٹ یا دقت پیش نہ آئے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی سہیل مقصود پنوں نے بتایا کہ سیکیورٹی سسٹم کو مضبوط اور فعال رکھنے کے لئے ہمہ نوعیت کے اقدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت ایف ڈی اے سٹی میں رہائش پذیر گھرانوں کی گاڑیوں کی مین گیٹ سے بلا رکاوٹ انٹری کے لئے الگ رنگ اور ڈیزائن کے سٹکرز جاری کئے جا رہے ہیں جبکہ سپورٹس کمپلیکس میں آنے والے ممبرز کو گاڑیوں کے لئے الگ رنگ اور ڈیزائن کے سٹکرز فراہم کئے جا رہے ہیں، اسی طرح ایف ڈی اے افسران اور سٹاف کی گاڑیوں پر دیگر سے مختلف سٹکرز چسپاں ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جن گاڑیوں کے لئے سٹکرز جاری کئے جا رہے ہیں ان کے رجسٹریشن نمبرز اور مالکان کے مکمل کوائف کا باقاعدہ اندراج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حفاظتی انتظامات کی مانیٹرنگ کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام متعارف کروائیں کے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان سیکیورٹی انتظامات کے تحت غیر متعلقہ افراد اپنی واضح شناخت کروائے اور کوائف کے اندراج کے بغیر ایف ڈی اے سٹی کے مین گیٹ داخل نہیں ہوسکیں گے جس کی بدولت ایف ڈی اے سٹی کے مکینوں میں احساس تحفظ بڑھے گا اور سرکاری و نجی املاک کی حفاظت بہتر انداز سے ہوسکے گی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی میں پولیس تھانے کے قیام کے لئے بھی محکمانہ اقدامات کو آگے بڑھایا جارہا ہے اس سلسلے میں ضلعی و صوبائی پولیس سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ سیکیورٹی سسٹم کو فعال اور مستحکم رکھنے کی حتی المقدور کوششیں جاری رہیں گی۔ ایف ڈی اے سٹی ریزیڈنٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے سیکیورٹی نظام میں بہتری لانے کے لئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور پراجیکٹ ڈائریکٹر سہیل مقصود پنوں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ان مضبوط حفاظتی اقدامات کی بدولت نہ صرف مکینوں کو تحفظ کا بھرپور احساس ہوگا بلکہ اس ہاؤسنگ سکیم میں گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند افراد تیزی سے ادھر رجوع کریں گے جو اس رہائشی سکیم کی ترقی اور آبادکاری کے لئے خوش آئند ہے۔



