دن دور نہیں جب پوری دنیا میں قرآن وحدیث کی بالادستی قائم ہوگی، ڈاکٹر ذاکر نائیک


فیصل آباد (94 نیوز) جامعہ سلفیہ میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب پوری دنیا میں قرآن وحدیث کی بالادستی قائم ہوگی اور مسلمان متحد ہوکر ترقی کریں گے۔ انہوں نے جامعہ سلفیہ آمد پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ میری دیرنہ خواہش تھی ۔ انہوں نے علماء سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات ختم کرکے مل جل کر دین کی خدمت کریں۔ انہوں نے طلبہ سے کہاکہ وہ محبت سے پڑھیں۔ آج ہمیں بہترین دعا کی ضرورت ہے۔پرنسپل جامعہ چوہدری محمد یاسین ظفر نے کہا نظریہ اور انسانیت کے لئے جینے والے مرنے کے بعد بھی زندہ رہتے ہیں۔ جامعہ سلفیہ نفرتوں کو ختم کرنے اور محبتیں بانٹنے کیلئے عملی جدوجہدکررہی ہے وفاق المدارس السلفیہ نے تعلیم و تربیت اور کردار سازی کے عظیم ادارے قائم کئے جہاں سے باعمل مسلمان فارغ التحصیل ہو کر اسلام، پاکستان اور عوام کی خدمت کررہے ہیں،انھوں نے جامعہ آمد پر معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ معزز مہمان نے لائبریری کا وزٹ کیا۔ اور اپنی کتب دیکھ کر حیرت کا اظہارکیا۔ انہوں نے نئے تدریسی بلاک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقعہ صدر جامعہ حاجی بشیر احمد ، حاجی ارشد پاشا، میاں عباس بھلہ،محمد ایوب صابر ، حکیم عزیز الرحمن، شیخ اعظم مجید ودیگر نے بھی خطاب کیاجامعہ کی طرف سے شیلڈ اور تحائف پیش کیے۔تقریب کے آخرمیں ملکی ترقی سلامتی، استحکام اور ملکی معاشی مشکلات کے جلد حل کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔


