تعلیمی بورڈ کے امتحانات میں نیا گریڈنگ سسٹم متعارف، طالبعلموں کو پاس ہونے کے لیے کتنے نمبرز لینا ہو نگے؟


اسلام آباد (94 نیوز) وفاقی وزارت تعلیم نے امتحانات میں پاس ہونے کا نیا گریڈنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے نئی گریڈنگ پالیسی سے متعلق جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اب سے نمبروں کے بجائے گریڈ کے ذریعے امتحانات کے نتائج مرتب کئے جائیں گے، گریڈنگ سسٹم کا نفاذ 2024 کے اکیڈمک سال سے ہو گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں گریڈنگ سسٹم نویں اور گیارھویں جماعت پر لاگو ہوگا، نمبروں کے بجائے اب گریڈ پوائنٹ اوسط یعنی جی پی اے یا سی جی پی اے گنا جائے گا۔ وفاقی وزارت تعلیم نے کہا کہ انٹر بورڈ کمیٹی آف چئیرمین نے سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سطح پر گریڈنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے،7 پوائنٹس گریڈنگ سسٹم کی جگہ اب 10 پوائنٹس گریڈنگ سسٹم ہوگا، گریڈز میں اے پلس پلس، اے پلس، اے، بی پلس پلس، بی پلس، اور بی گریڈ، سی، ڈی، ای، اور یو گریڈ ہو گا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ امتحانات میں کامیابی کے کم سے کم نمبر 33 فیصد سے بڑھا کر 40 فیصد کر دیے گئے ہیں۔ 2025 سے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں صرف گریڈنگ سسٹم ہی چلے گا۔وفاقی وزارت تعلیم نے کہا کہ وفاق، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان نے نئی گریڈنگ پالیسی کا نفاذ کر دیا ہے۔



