بچوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ناگزیر ہے


فیصل آباد (94 نیوز) صحت مند معاشرے کے قیام کے سلسلے میں بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کا کورس ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی سطح پر موثر اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم میڈیا نمائندگان والدین کو بچوں میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت میں اضافہ کیلئے ویکسینیشن لازمی کرانے کا پیغام عام کریں تاکہ قوم کے مستقبل کی صحت کا تحفظ یقینی ہوسکے۔
یہ بات ڈائریکٹر توسیع پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات(ای پی آئی) پنجاب ڈاکٹر مختار احمد اعوان نے مقامی ہوٹل میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب اور یونیسف کے اشتراک سے ”بچوں کی ویکسینیشن میں اضافہ کے سلسلے میں ذرائع ابلاغ کے کردار“پر منعقدہ ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی رضامختار،سینئر ہیلتھ آفیسر یونیسف مشتاق احمد شاد،یونیسف سے عقیل سرفراز،ڈاکٹر مدثر سعید،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت،ڈی ڈی ایچ او ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹرعظیم بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر ای پی آئی نے کہا کہ والدین میں ان کے بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کی افادیت اور اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کادائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے تاکہ ہر والدین میں دو سال تک کے بچے کی 12مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن کرانے کا احساس برقراررہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو حفاظتی ٹیکوں کا کورس مکمل کرانا ایک قومی فرض بھی ہے لہذا میڈیا سے وابستہ حضرات معاشرے تک یہ ذمہ داری ادا کرنے کا پیغام اجاگر کریں تاکہ کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کی ویکسینیشن یقینی ہو۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت پنجاب نے صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ مرکوز کررکھی ہے اوربھاری بجٹ خرچ کیا جارہا ہے جس کا مقصد صحت کی سہولیات تک رسائی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہر سال 42 لاکھ بچوں کو موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسینیشن کی جارہی ہے اور مجموعی طور پر 90 فیصدویکسینیشن ہورہی ہے جسے 100 فیصد بنانا ہدف ہے۔انہوں نے سیشن میں شریک میڈیا نمائندگان کا شکریہ اداکیااور کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کوعوام تک پہنچانے کے لئے ایسے پروگرامز تسلسل سے منعقد کرائے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کہا کہ پیدائش سے دو سال تک بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوا کر تپ دق، پولیو، خناق، نمونیا،کالی کھانسی،کالا یرقان،گردن توڑ بخار،اسہال،تشنج اور خسرہ جیسی مہلک بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ والدین کو بچوں کی مفت ویکسینیشن کا پیغام پہنچائیں تاکہ وہ قریبی مرکز صحت سے یہ سہولت حاصل کرسکیں۔نمائندگان یونیسف نے بتایا کہ یونیسف بچوں کی صحت پر خدمات انجام دینے والا عالمی ادارہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ حفاظتی ٹیکہ جات موثر ہیں۔دیگر ماہرین نے ویکسین کی اہمیت، حفاظتی ٹیکہ جات کے کورس کی تکمیل کی بدولت شرح اموات میں کمی،بچوں کو ٹیکے لگانے کے شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ معمولی بخار یا سوزش کے علاوہ ویکسینیشن کا بچوں پر کوئی ری ایکشن نہیں ہوتا لہذا والدین میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔اس موقع پر ملٹی میڈیا کے ذریعے اہم نکات پر روشنی ڈالی اور افسران نے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے مفصل جوابات دیئے۔



