قومی

کمشنر سلوت سعید اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری کا جھمرہ روڈ فلائی اوور کا دورہ

فیصل آباد(94 نیوز) ڈویژنل کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے زیرتعمیر عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کی تعمیراتی پیشرفت کا معائنہ کیا۔ کمشنر نے طارق آباد سے جھمرہ روڈ تک مختلف تعمیرات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے عبداللہ پور اوورہیڈ برج سے جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شہری ترقی اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور انتہائی اہمیت وافادیت کا منصوبہ ہے۔ منصوبہ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل کے لئے تمام تر انتظامی وتکنیکی صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ کی تیز رفتار تکمیل نگران حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے لہذاتمام متعلقہ افسران،انجینئرز،کنٹریکٹرز اور متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کو یقینی بنائیں اورمنصوبے کی پائیدار و دیرپا تعمیر کے لئے کڑی نگرانی جاری رکھی جائے۔کمشنر نے کہا کہ پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں سے شہری زندگی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ڈویژنل انتظامیہ اس میگا پراجیکٹ کی تیز رفتار تکمیل میں بھرپور معاونت کرے گی۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کے میگا پراجیکٹ کے لئے پرائیویٹ پراپرٹی کے حصول سمیت تمام رکاوٹیں دور کرلی گئی ہیں۔ فلائی اوور کے تعمیراتی مراحل میں اب تک 40سے زائد پائلز،22 گرڈرز اور ویسٹ سائیڈ کی ریٹننگ وال مکمل کرلی گئی ہے۔نگران وزیراعلی پنجاب کی طرف سے دیئے گئے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے بھرپور انداز میں کوشاں ہیں جبکہ مقررہ مدت سے قبل تکمیل کے لئے تمام تر تکنیکی صلاحیتیں اور محکمانہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کی تعمیرات کو شہریوں کے لئے محفوظ بنانے کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button