واسا سے متعلقہ شکایات کے فوری ازالے کا حکم


فیصل آباد(94 نیوز) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے مختلف پورٹلز پر درج شکایات کے فوری ازالے کا حکم جاری اور واضح کیا ہے کہ کوئی بھی شکایت ایسکلیٹ نہیں ہونی چاہئے۔ صارفین کی شکایات کے ازالے بارے کئے گئے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی ایم پورٹل، ایس ایم یو، سٹیزن پورٹل سمیت دیگر پر شکایت درج ہونے پر متعلقہ افسران اور سٹاف فوری طور پر رسپانس کا مظاہرہ کریں اور شکایت کے حل کے لئے کئے جانیوالے کام کے شروع میں تصاویر اور شکایت کے ازالے کے بعد کی تصاویر بھی لازمی اپ لوڈ ہونی چاہئے۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ شکایت کنندہ سے رابطہ کیا جائے اور اسے کام کرنے بارے آگاہ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بار بار ہونے والی شکایات کا پائیدار حل نکالا جائے تاکہ کسی کو دوبارہ شکایت کا موقع نہ ملے۔ اسی طرح عیدگاہ روڈ اور چناب چوک میں اوور فلو کے سدباب کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے ہمہ تن کوشاں ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صارفین کی شکایت کے ازالے کو بروقت یقینی بنایا جارہا ہے تاہم شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا واجبات اور ماہانہ بلز کی ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ واسا کی سروسز میں مزید بہتر لائی جا سکے۔



