کھیل

عمران خان پیسوں کی خاطر کاﺅنٹی کھیلتے رہے، جاوید میانداد

سپورٹس کی ذمہ داریاں نان پروفیشنل لوگوں کو دیدی گئیں، کھلاڑی بھوکے مر رہے ہیں

کراچی (94 نیوز) پاکستان کے مایہ ناز سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد وزیراعظم عمران خان پر برس پڑے جاوید میانداد نے کہا کہ سپورٹس کی ذمہ داریاں نان پروفیشنل لوگوں کو دیدی گئی ہیں اور ہمارے کھلاڑی بھوکے مر رہے ہیں، عمران خان خود پیسوں کی خاطر کاﺅنٹی کھیلتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید میانداد نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کیوجہ سے ہم چیمپیئن بنے جبکہ عمران خان نے خود ڈیپارٹمنٹ سے کرکٹ کھیلی جبکہ پیسوں کیلئے تو وہ کاﺅنٹی کرکٹ بھی کھیلتے رہے، ہم پاگل تھے جو ڈیپارٹمنٹ سے کرکٹ کھیلتے تھے؟ حکومت ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی حوصلہ شکنی کے بجائے حوصلہ افزائی کرے، عمران خان کھیلوں کی بہتری کیلئے اپنا کردار اد کریں اور ایک سرکلرجاری کریں کہ تمام ادارے اپنی ٹیمیں بنائیں۔

 انہوں نے کہا کہ نان پروفیشنل لوگوں کو سپورٹس کی ذمہ داریاں دیدی گئی ہیں اور عمران خان کے آنے سے یقین تھا کہ کھلاڑیوں کو فائدہ ہوگا لیکن آج ہمارے کھلاڑی بھوکے مر رہے ہیں، کیا کریں، کھلاڑی ڈاکے ماریں یا چوریاں کریں؟ کھلاڑیوں کیلئے نوکریاں نہ ہونے کی وجہ سے ہاکی تباہ ہوئی، کھیلوں کے گراؤنڈزپر قبضے ہوگئے۔

انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جن سے ووٹ لیا ہے ان سے پوچھیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں، سپورٹس میں ووٹ سے منتخب ہونے کا سسٹم ختم ہونا چاہئے اور کھلاڑیوں کے بہتر مستقبل کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں، حکومت پہلے بیروزگار کھلاڑیوں کو نوکریاں دے کیونکہ نوکریاں نہ ہونے کی وجہ سے ہاکی تباہ ہوئی اور اب باقی کھیل بھی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button