گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں ذیابیطس کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد


فیصل آباد (میاں ندیم احمد 94 نیوز) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز، ڈیپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ کے زیرِ اہتمام ذیابیطس سے متعلق آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرینِ صحت اور ڈاکٹرز نے متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش کو ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے بنیادی عوامل قرار دیا۔
انچارج فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عابد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور مضبوط پالیسیوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں ذیابیطس کی شرح کو نہ صرف کنٹرول کرنا ہوگا بلکہ اس بیماری کے خاتمے کے لیے جدید ترین طبی سہولیات بھی فراہم کی جانی چاہئیں۔
پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر علی سیفتین نے ذیابیطس کی علامات، اس سے بچاؤ اور علاج کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں شعور بیدار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
سیمینار سے ڈاکٹر احمد شہزاد، ڈاکٹر اویس فضل اور ڈاکٹر جاوید اقبال نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے طلباء کو ذیابیطس سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
سیمینار کے آرگنائزرز میں ڈاکٹر صابرہ سلطانہ، ڈاکٹر آمنہ ارم، ڈاکٹر ضیاء حماد کی خدمات کو سراہا گیا۔
ڈاکٹر اویس فضل نے کہا کہ ذیابیطس کے مریضوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں صحت مند عادات اپنانا ہوں گی، جن میں متوازن غذا کے ساتھ باقاعدہ جسمانی ورزش انتہائی اہم ہے۔ واک کے شرکاء سے خطاب میں دیگر مقررین نے بتایا کہ شوگر کی بیماری نہ صرف آنکھوں، گردوں اور دیگر اعضاء کو متاثر کرتی ہے بلکہ مریضوں میں ٹی بی کے خطرات میں بھی اضافہ کر دیتی ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی طلباء اور ملازمین کے لیے فری ہیلتھ میڈیکل کیمپ اور سکریننگ ٹیسٹ بھی کیے گئے۔ سیمینار اور آگاہی واک میں یونیورسٹی اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



