ڈائریکٹر لائیوسٹاک کا ویٹرنری مراکز کا دورہ، طبی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا


Faisalabad (94 News City Reporter) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر ساجد اقبال نے فیصل آباد ڈویژن کے مختلف ویٹرنری مراکز کا دورہ کیا اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، محکمانہ خدمات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال199 ر۔ب اور سول ویٹرنری ہسپتال کھرڑیانوالہ کے علاوہ تحصیل چک جھمرہ کے سول ویٹرنری ہسپتال189ر۔ب،106 ج۔ب،103 ج۔ب، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس اور سہولت مرکز جھمرہ کا معائنہ کیا۔انہوں نے ضلع چنیوٹ میں سول ویٹرنری ڈسپنسری125 ج۔ب کا دورہ بھی کیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے مختلف مراکز میں عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، ادویات و ویکسین کی دستیابی، صفائی ستھرائی، ویٹرنری سہولیات اور سرکاری ریکارڈ کی تکمیل کا جائزہ لیا۔انہوں نے مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار اور مراکز کی مجموعی کارکردگی کا بھی معائنہ کیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ مویشی پال حضرات کو بروقت اور معیاری ویٹرنری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ادویات و ویکسین کے سٹاک کی مناسب دیکھ بھال اور ریکارڈ کی باقاعدہ تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ویٹرنری مراکز کی مؤثر نگرانی، دستیاب وسائل کا بہتر استعمال اور مویشی پال حضرات کو معیاری سہولیات کی فراہمی محکمہ لائیوسٹاک کی اولین ترجیحات ہیں۔



