پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری


اسلام آباد (94 نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے یونین کونسلوں کی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ حلقہ بندیوں کی حتمی لسٹ یکم ستمبر کو شائع کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نقشہ جات کا حصول، ڈی مارکیشن کا نوٹیفکیشن اور حلقہ بندی کمیٹیوں کی تربیت کے حوالے سے انتظامات 30 جون تک مکمل کر لئے جائیں گے۔ حلقوں کی ابتدائی لسٹ کی تیاری یکم سے 22 جولائی تک کی جائے گی جبکہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 23 جولائی کو ہو گی۔
اسی طرح حلقہ بندیوں پر اعتراضات 24 جولائی سے 7 اگست تک جمع کرائے جائیں گے اور حلقہ بندی اتھارٹیز 22 اگست تک اعتراضات نمٹائیں گی۔ حلقہ بندی اتھارٹیز اپنے فیصلوں سے حلقہ بندی کمیٹیوں کو 29 اگست تک آگاہ کریں گی اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت یکم ستمبر کو کردی جائے گی۔



