

فیصل آباد (94 نیوز) ایڈمن آفیسر ڈی سی آفس/فوکل پرسن برائے پرائس کنٹرول اقدامات ریاض حسین انجم نے بتایا ہے کہ گزشتہ روزپرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر 11 دکانداروں کو گرفتار کرایا گیا جبکہ 4 دکانیں سیل اور ایک گرانفروش کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
انہوں نے میڈیا نمائندگان کو ایک بریفنگ میں بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی ہدایات پر ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مارکیٹوں وبازاروں میں 2145 انسپکشنز کرکے پھل وسبزی،روٹی،کریانہ کی اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے کی پاداش میں 152 گرانفروشوں کے خلاف ایکشن لیا اور اوورچارجنگ پر 102 دکانداروں کو 16 لاکھ 94 ہزار 500 روپے جرمانہ عائد کیا۔انہوں نے بتایا کہ پرائس کنٹرول حکومت پنجاب کا ٹاپ ایجنڈا ہے جس میں زیروٹالرنس ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس صارفین کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر متحرک ہیں۔



