وزیراعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کا عمل جاری


فیصل آباد (94 نیوز) سیکرٹری لائیوسٹاک حکومت پنجاب ثاقب علی عطیل کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ (L&DD) ڈویژن فیصل آباد کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ سکیم کے دوسرے مرحلے میں پنجاب بھر کی طرح ڈویژن فیصل آباد میں بھی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اس مرحلے میں پانچ سے بیس مویشی رکھنے والے کسانوں کو ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے سے لے کر پانچ لاکھ چالیس ہزار روپے تک کے بلا سود قرضے دیے جا رہے ہیں، جنہیں چھ ماہ کے استعمال کے بعد ساتویں ماہ واپس کرنا ہوگا۔ اس بار کسانوں کو قرض کا 30 فیصد حصہ نقد نکلوانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جب کہ رجسٹرڈ ڈیلرز سے ونڈا، سائلیج اور منرل مکسچر کی خریداری کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
درخواست گزار کے لیے پنجاب کا رہائشی ہونا، محکمہ لائیوسٹاک کے 9211 سسٹم پر رجسٹرڈ ہونا، درست شناختی کارڈ، فعال موبائل سم، نادرا و نیکٹا سے تصدیق شدہ شناخت اور الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو سے کلین کریڈٹ ہسٹری ہونا لازمی ہے۔ درخواست دینے کے لیے امیدوار اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے "PLC” اسپیس کے بعد اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر ایس ایم ایس کریں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے درخواست دہندگان کا انتخاب "پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر کیا جائے گا اور کسانوں اور اُن کے جانوروں کی تصدیق اربن یونٹ کے ذریعے کی جائے گی۔
اس بارے میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر سید ندیم بدر کا کہنا ہے کہ وہ لائیوسٹاک کارڈ ہولڈرز جنہوں نے پہلے مرحلے کی ادائیگی مکمل کر لی ہے، انہیں دوسرے مرحلے میں ترجیح دی جائے گی۔ اُنہوں نے اس سکیم کو کسانوں کی معاشی خودمختاری، بہتر مویشی نگہداشت اور دیہی معیشت کی بحالی کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے۔




