فیصل آباد: جی سی یونیورسٹی میں ڈینگی آگاہی اور بچاؤ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں ڈینگی آگاہی اور بچاؤ کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا۔ جس کی سرپرستی ڈاکٹر محمد اکرم ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف ایسٹرن میڈیسن اور فوکل پرسن ڈینگی سیل GCUF نے کی۔ مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر راؤفِ اعظم نے ڈینگی کے بڑھتے ہوئے خطرات، احتیاطی تدابیر، ماحولیات کی بہتری، اور کمیونٹی سطح پر مستقل آگاہی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جامعات صرف تعلیم نہیں دیتیں بلکہ معاشرتی ذمہ داریوں میں بھی قائدانہ کردار ادا کرتی ہیں۔ انچارج فیکلٹی آف میڈیکل سائنسز ڈاکٹر عابد رشید نے ڈینگی کی روک تھام میں طبی شعبے کے عملی کردار، تشخیص، سکریننگ، اور طلبہ کی تربیت کی اہمیت بیان کی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس نے ضلعی سطح پر ڈینگی کنٹرول کے اقدامات، سرویلنس، گھر گھر معائنہ، اور عوامی تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر ڈاکٹر بَدّار نے ڈینگی وائرس کی پیتھوفزیولوجی، پیچیدگیوں اور جدید علاجی حکمت عملی پر جامع اور سائنٹفک لیکچر دیا، اینٹومولوجسٹ ڈاکٹر معاذ حیات نے مچھروں کی اقسام، افزائش، بائیولوجیکل کنٹرول اور ماحول دوست اقدامات پر تفصیلی اور تحقیقی لیکچر دیا۔ ڈاکٹر محمد اکرم نے تمام مہمانانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کا واحد راستہ مؤثر آگاہی، کمیونٹی کی شمولیت اور اداروں کے باہمی اشتراک میں ہے اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ GCUF عوامی فلاح اور صحت عامہ کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔



