ساندل آرٹسٹس ایسوسی ایشن نے ریڈیو پاکستان کے فنکاروں کی اجرت میں اضافہ کی درخواست وزیر اعظم کو ارسال کردی


فیصل آباد(94 نیوز سٹی رپورٹر) ساندل آرٹسٹس ایسوسی ایشن نے ریڈیو پاکستان کے فنکاروں کے مالی مسائل کے حل کے لیے ادارے کے بجٹ میں اضافے کی درخواست وزیر اعظم پاکستان کو ارسال کردی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریڈیو پاکستان ایک تاریخی قومی ادارہ ہے جو کئی دہائیوں سے پاکستانی ثقافت، زبان، اور قومی یکجہتی کی خدمت کر رہا ہے۔ اس ادارے کے ساتھ منسلک فنکار، اناؤنسرز اور کمپیئرز برسوں سے انتہائی محدود وسائل میں کام کر رہے ہیں۔ ان کے معاوضے کئی سالوں سے جمود کا شکار ہیں جبکہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔یہ فنکار نہ صرف ہماری قومی شناخت کے سفیر ہیں بلکہ نئے ٹیلنٹ کے لیے بھی مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی معاشی مشکلات کا براہِ راست اثر ریڈیو پاکستان کی کارکردگی اور معیار پر پڑ رہا ہے۔ساندل آرٹسٹس ایسوسی ایشن فیصل آباد کی جانب سے آپ سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ ریڈیو پاکستان کے سالانہ بجٹ میں مناسب اضافہ کیا جائے، تاکہ ادارہ اپنے وابستہ فنکاروں کو مہنگائی کے تناسب سے معقول معاوضہ ادا کر سکے۔یہ اقدام فن و ثقافت سے وابستہ افراد کو مالی تحفظ فراہم کرے گا اور قومی سطح پر ثقافتی ترقی کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چند روپے آرٹسٹس کو دئیے جاتے ہیں جن میں سے ٹیکس بھی کاٹ لیا جاتا ہے حیرانی ہوتی ہے کہ چند سو روپے سے بھی ٹیکس کاٹ کر آرٹسٹس کی چھوٹی سی رقم کو بھی کٹ لگا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدور کی تنخواہ کے برابر تو آرٹسٹس کی اجرت کردی جائے۔ اور اس میں سے کٹ نہ لگائے جائیں۔



